جاپان: ریچھ کے حملے میں 4 افراد زخمی، میئر نے جانور کو غیرمعمولی ذہین قرار دیدیا

جاپان میں ریچھ کے حملے سے 4 افراد زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق جاپان کے شہر فوکوشیما میں ایک ریچھ نے الیکٹرانکس فیکٹری کے اندر گھس کر 4 افراد پر حملہ کرکے انہیں زخمی کردیا۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ریچھ حملہ کرنے کے بعد فیکٹری میں ہی چھپا رہا اور رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کھڑکی کی کنڈی کھول کر فرار ہوگیا جب کہ اس نے اپنے پنجوں سے نل کھول کر پانی بھی پیا۔

حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ ریچھ کو پکڑنے کیلئے مختلف طریقے  استعمال کیے گئے لیکن ایک کام نہ آیا۔

حکام کے مطابق پہلے ریچھ کو بےہوش کرنے والے انجیکشن گن کا استعمال کیا گیا جس سے وہ بچ نکلا اور پھر اسے پسندیدہ پھل اور شہد دے کر بھی پکڑنے کی کوشش کی تاہم ناکامی ہی ہاتھ آئی۔

ریچھ کے فرارہونے پر فوکوشیما کے میئر نے اسے انتہائی ذہین قرار دیا۔

واضح رہے جاپان میں ریچھ کے حملے کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے، جاپان میں اپریل 2025 سے رواں سال مارچ کے درمیان ریچھ کے حملے سے 13 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔