کوئٹہ: تیزاب گردی کا ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک، متاثرہ ڈاکٹر کراچی منتقل

کوئٹہ کے سول اسپتال میں لیڈی ڈاکٹر پر تیزاب پھینکنے کے بعد فرار ہونے کی کوشش کے دوران ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا۔ ملزم اسپتال میں لفٹ آپریٹر تھا، جسے سی سی ٹی وی فوٹیج میں لیڈی ڈاکٹر ماہ نور ناصر پر تیزاب پھینکتے دیکھا جا سکتا ہے۔

کوئٹہ کے سول اسپتال میں تیزاب گردی کا واقعہ پیش آیا ہے، جہاں ہمایوں شاہ نامی لفٹ آپریٹر نے مبینہ طور پر اسپتال کی ایک لیڈی ڈاکٹر پر تیزاب پھینک دیا۔ اس حملے میں ڈاکٹر ماہ نور شدید زخمی ہو گئیں، جنہیں فوری طور پر نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا تاہم اب انہیں ایئر ایمبولینس کے ذریعے کراچی منتقل کردیا گیا ہے۔

ملزم نے حملے کے دوران مدد کیلئے آگے بڑھنے والے ایک اور شخص پر بھی تیزاب پھینکا تھا اور موقع سے فرار ہوگیا تھا۔

صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے واقعے فوری طور پر نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس بلوچستان کو ملزم کی جلد گرفتاری کا حکم دیا تھا۔ وزیر صحت نے اس واقعے کو انتہائی افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت زخمی ڈاکٹر کو ہر ممکن طبی سہولت فراہم کرے گی۔

بخت محمد کاکڑ نے مزید کہا کہ خاتون ڈاکٹر پر حملہ ناقابل برداشت ہے اور ذمہ دار شخص کو قانون کے مطابق کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ بعدازاں لیڈی ڈاکٹرماہ نور کو ایئر ایمبولینس کے ذریعے کراچی منتقل کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب واقعے کے بعد ملزم کی گرفتاری کے لیے پولیس نے کارروائی شروع کی۔ پولیس کے مطابق ملزم ہمایوں شاہ فرار ہونے کی کوشش میں سریاب روڈ کے بس اسٹینڈ پہنچا، جہاں پولیس ٹیم نے اسے روکنے کی کوشش کی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے گرفتاری سے بچنے کے لیے اہلکاروں پر فائرنگ کی، جس پر جوابی کارروائی کی گئی، اسی فائرنگ کے تبادلے میں ملزم ہلاک ہوگیا۔

پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزم کے قبضے سے ایک پستول اور چار گولیاں بھی برآمد ہوئی ہیں۔ واقعے سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے۔