امریکاکے ایرانی تنصیبات پر حملے،کویت،بحرین میں جوابی کارروائی

تہران/ واشنگٹن:امریکا نے ایران میں گوروک اور جزیرہ قشم میں ریڈار تنصیبات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا جبکہ پاسداران انقلاب نے امریکی حملے کے جواب میں خطے میں موجود امریکی فضائی اڈوں کو میزائلوں سے نشانہ بنایا۔

امریکی سینٹ کام نے کہا ہے کہ امریکی طیاروں نے مبینہ طور پر داغے گئے4ایرانی ڈرونز کے جواب میں کارروائی کی،امریکی فوج نے تمام ایرانی ڈرونز کو مارگرایا۔امریکی سینٹ کام نے دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز اور خلیجی ممالک کی طرف داغے گئے متعدد بیلسٹک میزائل اور ڈرونز کو روکا، حملے میں کسی امریکی اہلکار کو نقصان نہیں پہنچا۔

امریکی فوج کی مرکزی کمان نے ایک ویڈیو جاری کی ہے جو اس کے مطابق گوروک اور جزیرہ قشم میں ایران کے ریڈار مقامات کو نشانہ بنائے جانے کی ہے، بحری آمد و رفت کو لاحق فوری نوعیت کے خطرے کے جواب میں امریکی افواج نے ان مقامات کو نشانہ بنایا۔

اس سے قبل سینٹ کام نے ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کی طرف داغے گئے چار خودکش ڈرون مار گرانے کا دعویٰ کیا تھا۔ایرانی خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز کے قریب امریکی بحری جہازوں کی موجودگی پروارننگ فائر کیے گئے تھے۔