جی بی کیلئے ترقیاتی بجٹ میں اضافے کی تیاری

اسلام آباد:وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں گلگت بلتستان کے ترقیاتی بجٹ میں اضافے کی تیاری شروع کردی۔

دستاویز کے مطابق آئندہ مالی سال گلگت بلتستان کے وفاقی ترقیاتی بجٹ میں27.32 فیصد کا اضافہ تجویز کیا گیا ہے یہ اضافہ گلگت بلتستان کے رواں مالی سال کے نظرثانی ترقیاتی بجٹ میں تجویزکیا گیا جب کہ اصل ترقیاتی بجٹ کے مقابلے گلگت بلتستان کیلئے 5.26 فیصد اضافہ بنتا ہے۔

دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ آئندہ مالی سال گلگت بلتستان کا ترقیاتی بجٹ39 ارب روپے سے زائد تجویز کیا گیا ہے جب کہ نظرثانی ترقیاتی بجٹ 30ارب67 کروڑروپے مختص ہے۔

دستاویز کے مطابق رواں مالی سال گلگت بلتستان کیلئے37 ارب10کروڑ روپے کا ترقیاتی بجٹ رکھا گیا تھا۔

آئندہ مالی سال گلگت بلتستان کیلئے بلاک الوکیشن/اے ڈی پی کی مدمیں23 ارب روپے ، وزیراعظم کے خصوصی پیکیج کے تحت4 ارب روپے ، نلترہائیڈروپاورکے16میگاواٹ منصوبے کی تعمیرکے لیے2 ارب20 کروڑروپے رکھے گئے ہیں۔

ریجنل گرڈ کے قیام کے منصوبے کیلئے ایک ارب، مختلف سائٹس پر سولرپلانٹس منصوبے کے لیے ایک ارب 71کروڑ اور ریجنل گرڈ کے قیام کے منصوبے کیلئے ایک ارب روپے تجویز کیے گئے ہیں۔دوسری جانب گلگت بلتستان میں نکاس آب،سڑکوں اور پانی فراہمی کے منصوبوں جب کہ اسپتالوں کی تعمیر کے منصوبوں کے لیے بھی فنڈز تجویز کیا گیا ہے۔