سیلابی ریلے سے ریلوے پل بہہ گیا، لاہور تا فیصل آباد ٹرین آپریشن معطل

لاہور: قلعہ ستار شاہ کے قریب شدید بارشوں اور سیلابی ریلے کے باعث ریلوے پل کو نقصان پہنچنے سے لاہور سے فیصل آباد ریلوے سیکشن پر ٹرین آپریشن عارضی طور پر معطل کر دیا گیا، جبکہ پاکستان ریلوے نے متعدد ٹرینوں کے روٹس تبدیل اور بعض ٹرینیں منسوخ کر دی ہیں۔ریلوے حکام کے مطابق قلعہ شیخوپورہ اور مسن کے درمیان شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث ریلوے انفرا اسٹرکچر متاثر ہوا، جس کے بعد حفاظتی اقدامات کے تحت لاہور اور فیصل آباد سیکشن پر ٹرینوں کی آمدورفت عارضی طور پر روک دی گئی۔

نل ٹرانسپورٹ آفیسر، ریلوے لاہور ڈویژن کے مطابق 41 اپ/42 ڈان قراقرم ایکسپریس اور 27 اپ/28 ڈان شالیمار ایکسپریس کو فیصل آباد کے بجائے لاہور سے براستہ رائیونڈ، ساہیوال اور خانیوال اپنی منزل کی جانب روانہ کیا جائے گا۔قراقرم 42 ڈاون کے مسافروں کو فیصل آباد سے آج ملت ایکسپریس 18 ڈاون میں اکاموڈیٹ کیا جائے گا۔

لاہور اور سرگودھا کے درمیان چلنے والی میانوالی ایکسپریس کو آج براستہ وزیر آباد، لالہ موسی چلایا جائے گا۔دوسری جانب 111 اپ/112 ڈان بدر ایکسپریس اور 113 اپ/114 ڈان غوری ایکسپریس کو عارضی طور پر منسوخ کر دیا گیا ہے۔

ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ پل اور ریلوے ٹریک کی بحالی کے لیے مرمتی کام جاری ہے۔ انفرا اسٹرکچر کی بحالی مکمل ہونے کے بعد ٹرین آپریشن معمول کے مطابق بحال کر دیا جائے گا، جبکہ مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سفر سے قبل اپنی متعلقہ ٹرین کی تازہ ترین صورتحال ضرور معلوم کریں۔

پاکستان ریلوے نے کہا ہے کہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور مزید پیش رفت سے عوام کو بروقت آگاہ کیا جائے گا۔