اسلام آباد:وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں پارلیمنٹ لاجز کی توسیع اور اراکین پارلیمنٹ کے اہل خانہ کے لیے اضافی رہائش گاہوں کی تعمیر کی غرض سے ڈیڑھ ارب روپے مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ میں سرکاری دستاویزات کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اس ترقیاتی منصوبے کے تحت اسلام آباد کے سیکٹر جی فائیو ٹو میں رہائشی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
اس منصوبے کا مرکزی حصہ اضافی فیملی سوٹس کی تعمیر ہے جس میں500 کے قریب سرونٹ کوارٹرز بھی شامل کیے گئے ہیں تاکہ عوامی نمائندوں کی رہائشی ضروریات کو بہتر انداز میں پورا کیا جا سکے۔منصوبے کی مجموعی لاگت کا تخمینہ7 ارب 40 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔
حکومتی دستاویز میں واضح کیا گیا ہے کہ30 جون2026 ء تک اس منصوبے پر2 ارب 29 کروڑ روپے کے اخراجات متوقع ہیں۔ یہ منصوبہ پارلیمنٹ لاجز کی موجودہ گنجائش میں خاطر خواہ اضافے کا باعث بنے گا۔
علاوہ ازیں موجودہ پارلیمنٹ لاجز سے ملحقہ اراکین کے لیے104 فیملی سوٹس پہلے ہی تعمیر کیے جا رہے ہیں۔حکام نے بتایا کہ ان سوٹس کی تعمیر کا کام اپنے آخری مراحل میں ہے اور اس وقت وہاں فنشنگ کا کام تیزی سے جاری ہے جس سے ممبران کو فوری رہائشی سہولت میسر ہوگی۔

