طلباء کیلئے خوشخبری، انٹرن شپ پروگرام شروع، درخواستیں طلب

اسلام آباد:پاکستان میں انٹرن شپ کا بڑا پروگرام شروع کردیا گیاجس کے لیے طلبہ سے درخواستیں طلب کرلی گئی ہیں۔

پاکستان کی سائبر اسپیس کے تحفظ کے لیے افرادی قوت کی تیاری کے مقصد سے نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے سائبر سیکورٹی انٹرن شپ پروگرام شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔پروگرام کے تحت زیر تعلیم طلبہ اور حالیہ گریجویٹس کو6 ہفتوں پر مشتمل عملی تربیت فراہم کی جائے گی۔

انٹرن شپ پروگرام کے لیے درخواستیں 16 جون تک آن لائن جمع کرائی جا سکتی ہیں جبکہ پروگرام میں طلبہ اور حالیہ گریجویٹس شرکت کے اہل ہوں گے۔حکام کے مطابق تربیتی پروگرام میں انسڈنٹ رسپانس، تھریٹ انٹیلی جنس اور ولنریبلٹی مینجمنٹ سمیت مختلف اہم شعبوں کی تربیت شامل ہوگی۔

اس کے علاوہ گورننس،کمپلائنس، ڈیجیٹل فرانزکس، سافٹ ویئر ٹیسٹنگ اور مصنوعی ذہانت (اے آئی)ڈویلپمنٹ سیکھنے کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے۔

نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم کے مطابق انٹرنیز کو سائبر سیکورٹی کے ماہرین کے ساتھ براہ راست کام کرنے کا موقع ملے گا اور وہ حقیقی سائبر سیکورٹی منصوبوں پر عملی تجربہ حاصل کر سکیں گے۔پروگرام کے تحت منتخب امیدواروں کو ماہرین کی جانب سے تربیت اور مینٹورشپ بھی فراہم کی جائے گی تاکہ وہ سائبر سیکورٹی کے شعبے میں عملی مہارتیں حاصل کر کے مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیار ہو سکیں۔