کراچی:محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ2016 ء کے بعد اب ایل نینو سرگرم ہونے سے پاکستان میں معمول سے کم بارشیں متوقع ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں5 جون تک آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے جب کہ مغربی ہوائوں کے سلسلے کے سبب گزشتہ رات سندھ کے مختلف علاقوں میں بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ موئن جوداڑو میں گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران32 ملی میٹربارش ہوئی،مانو روہڑی میں20 ملی میٹربارش اور104 کلو میٹرفی گھنٹے کی رفتار سے ہوائیں چلیں۔اس کے علاوہ سسٹم کے زیر اثر خیرپور،دادو،گھوٹکی، تھرپارکر اور ملحقہ اضلاع میں بارش کا امکان رہے گا۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کراچی کے حوالے سے بتایا کہ شہر میں آئندہ دنوں میں بھی موسم گرم اور مرطوب رہے گا،اس دوران درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہ سکتاہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ بحرالکاہل میں ایل نینو سرگرم ہو رہا ہے،ایل نینو کے اثرات دنیا بھر کے موسموں پر پڑتے ہیں،2016 ء کے بعد اب ایل نینو سرگرم ہوگا، ایل نینو سے پاکستان میں معمول سے کم بارشیں ہوسکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق تھرپارکرریجن سمیت سندھ میں رواں مون سون معمول سے کم بارشیں ہونے کا امکان ہے جب کہ ملک کے شمالی علاقوں میں مغربی ہوائوں کے سلسلے بارش کا سبب بنتے رہیں گے۔
ایل نینوسے متعلق ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ دنیا بھر میں درجہ حرارت میں اضافے کا سبب بننے والا ایک موسمی عمل ہے،ایل نینو کے باعث دنیا کے کچھ حصوں میں خشک سالی اورکچھ مقامات پر شدید بارشیں ہوسکتی ہیں۔
ایل نینو پیسفک اوشن کے سطح سمندرکے معمول سے زائد درجہ حرارت کے باعث سرگرم ہوتا ہے، ایل نینو کے دوران پاکستان سمیت خطے میں بارشیں کم ہوجاتی ہیں جب کہ پاکستان زرعی ملک ہے جہاں بارشیں کم ہونے سے زراعت متاثر ہوسکتی ہے۔

