احمد الشرع نے ٹرمپ کے تحفے کی تصویر شیئر کردی، سوشل میڈیا پر چرچا

شام کے صدر احمد الشرع نے اپنے امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ کا عطر کی ان دو شیشیوں پر شکریہ ادا کیا ہے جو انہوں نے انہیں دمشق بھیجی ہیں۔ یہ تحفہ نومبر میں وائٹ ہاؤس میں ان کی تاریخی ملاقات کی یاد دلاتا ہے جب انھیں ٹرمپ کی جانب سے ایسا ہی ایک تحفہ ملا تھا۔
عرب میڈیا کے مطابق احمد الشرع نے بدھ کی شب “ایکس” پلیٹ فارم پر اپنے اکاؤنٹ پر عطر کی دو شیشیوں کی ایک تصویر شیئر کی جو ٹرمپ کے نام کے برانڈ کی ہیں، جس کے ساتھ ان کے دستخط شدہ ایک کارڈ بھی موجود ہے۔ احمد الشرع نے تصویر کے ساتھ ایک کیپشن بھی لکھا جس میں انہوں نے کہا کہ “کچھ ملاقاتیں اثر چھوڑ جاتی ہیں اور ایسا لگتا ہے کہ ہماری ملاقات نے خوشبو چھوڑ دی ہے۔”


احمد الشرع نے مزید کہا “صدر مسٹر ڈونلڈ ٹرمپ، آپ کی سخاوت اور اس قیمتی تحفے کی اضافی مقدار کا شکریہ۔ امید ہے کہ اس ملاقات کا جذبہ شام اور امریکا کے درمیان مضبوط تر تعلقات کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔”
احمد الشرع جو سابق صدر بشار الاسد کا تختہ الٹنے کے بعد دسمبر 2024ء میں برسرِاقتدار آئے تھے، 1946ء میں آزادی کے بعد سے وائٹ ہاؤس کا دورہ کرنے والے پہلے شامی صدر تھے۔اس ملاقات کے دوران، جسے “تاریخی” قرار دیا گیا تھا۔ ٹرمپ نے احمد الشرع کو اسی برانڈ کے عطر کی دو شیشیاں تحفے میں دی تھیں۔ ملاقات کے بعد ایک ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھی جس میں ٹرمپ اپنے مہمان کو تحفہ پیش کرتے ہوئے اور ان پر اور ان کے وزیر خارجہ اسعد الشیبانی پر کچھ عطر لگاتے ہوئے نظر آئے تھے۔ ٹرمپ نے احمد الشرع سے کہا تھا کہ ان دو بوتلوں میں سے ایک ان کی اہلیہ کے لیے تحفہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 

ایران سے ممکنہ امریکی ڈیل، ٹرمپ و نیتن یاہو میں شدید اختلافات

نئے تحفے کے ساتھ منسلک اپنے پیغام میں ٹرمپ نے کارڈ پر لکھا “ہر کوئی اس تصویر کے بارے میں بات کررہا ہے جو ہم نے اس وقت کھینچی تھی جب میں نے آپ کو یہ شان دار عطر پیش کیا تھا”۔ انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے لکھا کہ یہ تحفہ “اس خدشے کے پیشِ نظر ہے کہ کہیں وہ مقدار ختم نہ ہو گئی ہو”۔ عطر فروخت کرنے کے لیے مخصوص ویب سائٹ کے مطابق جس کی ایک شیشی کی قیمت 249 ڈالر ہے، یہ “طاقت، اقتدار اور فتح کی علامت” ہے۔
برسرِاقتدار آنے کے بعد سے احمد الشرع نے سابقہ حکومت کے ساتھ طویل سالوں کے بائیکاٹ کے بعد امریکا کے ساتھ تعلقات کی ازسرِ نو بحالی پر کام کیا ہے۔ ٹرمپ نے نئی حکام کے حوالے سے کئی اقدامات کیے ہیں جن میں سب سے نمایاں اسد حکومت کے دوران ملک پر لگائی جانے والی پابندیوں کو اٹھانا ہے۔ ٹرمپ نے پہلی بار احمد الشرع سے مئی 2025ء میں خلیجی ممالک کے دورے کے دوران سعودی عرب میں ملاقات کی تھی اور اس وقت ٹرمپ نے اپنے شامی ہم منصب کو “نوجوان اور پرکشش” قرار دیا تھا۔