خیبرپختونخوا میں کل سے سی این جی سٹیشن کھل جائیں گے: فیصل کریم کنڈی

اسلام آباد: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ لیکن صوبے کے مسائل کے حل کے لیے متحد ہیں، خیبرپختونخوا میں کل سے سی این جی سٹیشن کھل جائیں گے۔

اپوزیشن لیڈرخیبرپختونخوا ڈاکٹرعباد اللہ، صوبائی مشیرخزانہ مزمل اسلم کے ساتھ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ صوبے کےعوام کے مسائل کا حل ترجیح ہے، مسائل حل کرنے کیلئے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں وفاق مضبوط ہو، جب بھی کوئی کے پی کا ایشو اٹھائے گا ہم اس پر سیاست نہیں کریں گے، ہم صوبے کے لئے کام کریں گے۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے پی نے حلف لیا تو سپیکر نے جرگہ بلایا، ہم نے شرکت کی، گندم کے ایشو پر ہم اکٹھے ہوئے اور سب نے مثبت کردار ادا کیا، ہم نے پریس کانفرنس کی کہ یہ ہمارا جمہوری اور آئینی حق بنتا ہے۔