دبئی میں جائیداد خریدنے پر 2 سالہ رہائشی ویزا ملے گا

دبئی میں پراپرٹی ویزا قوانین میں نرمی کرتے ہوئے جائیداد خریدنے پر 2  سال کے رہائشی ویزے کی پیشکش کی گئی ہے۔

دبئی میں پراپرٹی ویزا قوانین میں نرمی کرتے ہوئے سرمایہ کاروں کیلئے بڑی سہولت فراہم کی جارہی ہے جس کے بعد دبئی میں 2 سالہ رہائشی ویزا کیلئے سنگل مالک پر قیمت کی شرط ختم کردی گئی ہے۔

اس حوالے سے حکام نے بتایا کہ مشترکہ پراپرٹی پر بھی رہائشی ویزا ملے گا، مشترکہ پراپرٹی میں ہر سرمایہ کار کا حصہ کم از کم 4 لاکھ درہم ہونا ضروری قرار دیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ دبئی کا 2 سالہ انویسٹر ویزا اب مزید آسان اور قابل رسائی ہوگا، 5 سالہ ریٹائرمنٹ ویزا کیلئے 10 لاکھ درہم شرط برقرار ہے، ریٹائرمنٹ ویزا کیلئے عمر کم از کم 55 سال مقررکی گئی ہے جب کہ 10 سالہ گولڈن ویزا کیلئے 20 لاکھ درہم سرمایہ کاری لازمی ہے۔

گولڈن ویزا میں فیملی اور گھریلو ملازمین کی اسپانسرشپ کی سہولت موجود ہے، گولڈن ویزا ہولڈر کیلئے متحدہ عرب امارات سے باہر رہنے کی اجازت بھی ہوگی، نئی پالیسی سے دبئی میں سرمایہ کاری کے مواقع مزید وسیع ہوں گے۔