وہ انوکھا ٹریفک سگنل جہاں سال میں صرف ایک بار سبز لائٹ روشن ہوتی ہے

ویسے تو ٹریفک لائٹس کا مقصد ایک ہی ہوتا ہے مگر ان کا استعمال ہر جگہ یکساں انداز سے نہیں کیا جاتا۔

کئی بار یہ فرق قانونی وجوہات کے باعث ہوتا ہے جبکہ کئی بار اس کی وجہ بہت دلچسپ ہوتی ہے جو مقامی تاریخ یا ثقافت سے جڑی ہوتی ہے۔

مثال کے طور پر جاپان میں نیلے رنگ کی ٹریفک لائٹ کو کرس روڈز اور انٹرسیکشنز وغیرہ پر استعمال کیا جاتا ہے۔

مگر نیلی ٹریفل لائٹ ہی جاپان کی انوکھی ٹریفک لائٹ نہیں بلکہ اس کے ایک جزیرے میں ان کا استعمال بالکل ہی منفرد انداز سے کیا جاتا ہے۔

Himakajima نامی جاپانی جزیرے کے بیشتر حصوں میں ٹریفک لائٹس موجود نہیں، بس اس کے مشرقی بندرگاہ میں ایک ٹریفک سگنل موجود ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس ٹریفک سگنل میں ہمیشہ سرخ لائٹ ہی روشن ہوتی ہے۔

جی ہاں واقعی سارا سال وہاں کا سگنل بند رہتا ہے مگر صرف ایک بار سبز یا نیلے رنگ کی لائٹ روشن ہوتی ہے۔

اس کا مقصد بالغ افراد کو یہ سکھانا ہوتا ہے کہ سبز ٹریفک لائٹ کے دوران کیسے گزرنا ہے اور اس وقت کیسے رک جانا ہے جب لائٹ سرخ ہو جاتی ہے۔

یہ ایک چھوٹا جزیرہ ہے جس کا مجموعی رقبہ ایک اسکوائر کلومیٹر سے بھی کم ہے اور وہاں 2 ہزار کے قریب افراد مقیم ہیں۔

تو وہاں گاڑیوں کی تعدا بھی بہت کم ہے بلکہ سڑکیں بھی بہت کم ہیں۔

اس کے نتیجے میں وہاں ٹریفک سنگلز کی بھی کوئی خاص ضرورت نہیں اور بس ایک جگہ ہی اسے نصب کیا گیا ہے۔

اس کا مقصد بھی بس یہی ہے کہ لوگوں کو ٹریفک قوانین کے حوالے سے تربیت دی جاسکے تاکہ وہ دیگر شہروں یا مقامات میں جانے کے بعد مشکلات کا سامنا نہ کریں۔