ممبئی ،بریانی کے بعد تربوز کھانے سے میاں، بیوی،2بچیاں جاں بحق

ممبئی :بھارتی شہر ممبئی میں بریانی کے بعد تربوز کھانے سے میاں بیوی اور2بچے جاں بحق ہوگئے۔

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ممبئی میں ایک ہی خاندان کے چار افراد فوڈ پوائزننگ کے سبب انتقال کرگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ 40سالہ عبداللہ عبدالقادر،35سالہ اہلیہ نسرین،16سالہ بیٹی عائشہ اور13سال کی زینب نے ہفتے کی شب دیگر رشتے داروں کے ہمراہ بریانی کھائی۔بعد ازاں رات ایک بجے انہوں نے تربوز کھایا جس کے چند گھنٹوں بعد ہی ان کی طبیعت بگڑگئی۔

رپورٹ کے مطابق صبح 5 کے قریب ان لوگوں کو شدید قے شروع ہوگئی، ابتدائی طور پر مقامی ڈاکٹر نے طبی امداد فراہم کی لیکن طبیعت مزید بگڑنے پر انہیں دوسرے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں چاروں دوران علاج چل بسے۔

اسپتال میں چاروں کا علاج کرنے والے ڈاکٹر زید قریشی نے بتایا کہ انہیں شدید قے اور ڈائریا کی شکایت تھی، انہوں نے بتایا تھا کہ ان لوگوں نے تربوز کھایا ہے۔تاہم حکام کا کہنا ہے کہ لاشوں کا پوسٹ مارٹم کرکے ہی اصل وجہ پتا چل سکیگی۔