اقوام متحدہ کی ڈپٹی سیکرٹری جنرل آمنہ جے محمد نے عالمی تنازعات اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال دیکھ کر ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے “دنیا پر درندوں نے قبضہ کر لیا ہے” اور انسانوں نے اپنی انسانیت کھو دی ہے۔
نیویارک میں انسانی ہمدردی کے بحرانوں سے متعلق ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بین الاقوامی برادری کی بے حسی اور عالمی قوانین کی ناکامی پر سخت تنقید کی۔
آمنہ جے محمد نے کہا کہ آج کل عالمی قوانین کو لازمی تقاضوں کے بجائے محض “تجاویز” سمجھا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے جنگی علاقوں میں کوئی بھی محفوظ نہیں رہا۔
واضح رہے کہ آمنہ جے محمد اقوام متحدہ کی ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور پائیدار ترقیاتی اہداف (SDGs) کی نمایاں داعی ہیں، جنہیں عالمی ترقی اور ماحولیاتی پالیسی میں طویل تجربہ حاصل ہے۔
وہ نائجیریا کی وزیر ماحولیات رہ چکی ہیں اور ایک دہائی سے زائد عرصے سے اقوام متحدہ سے وابستہ رہتے ہوئے عالمی ترقیاتی ایجنڈے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔

