لبنان پر حملوں کے جواب میں حزب اللہ کی جانب سے بھی اسرائیل پر تابڑ توڑ فضائی حملے جاری ہیں جس کے لیے وہ جدید ڈرونز استعمال کر رہا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ لبنان کی سرحد کے نزدیک حزب اللہ نے دھماکا خیز ڈرونز سے حملے کیے جس میں ایک فوجی مارا گیا جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ ہونے والے فوجی کی شناخت 47 سالہ وارنٹ آفیسر (ر) الیگزینڈر گلووانیوف کے نام سے ہوئی ہے جو ٹرانسپورٹ سینٹر کی 6924 ویں بٹالین میں ڈرائیور کے فرائض انجام دے رہے تھے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ لبنان کی سرحد کے قریب منارا کے علاقے میں حزب اللہ نے کئی دھماکا خیز ڈرون داغے گئے۔ جن میں سے ایک ڈرون حملے میں گلووانیوف مارے گئے۔
فوجی تحقیقات کے مطابق حزب اللہ کا یہ ڈرون براہِ راست اسرائیلی علاقے میں آکر گرا تھا جس میں فوجی اہلکار نشانہ بن گئے۔
یاد رہے کہ اپریل میں اسرائیل اور لبنان کے درمیان امریکی ثالثی میں جنگ بندی ہوئی تھی لیکن جھڑپوں کا سلسلہ تھم نہ سکا۔ جنگ بندی کے بعد سے جنوبی لبنان میں مارا جانے والا یہ پانچواں اسرائیلی فوجی ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے بتایا کہ پیر کے روز جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے مزید ڈرون حملوں میں تین اسرائیلی فوجی معمولی زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ ان کے اہل خانہ کو بھی اطلاع دے دی گئی۔
فوج کے مطابق زخمی اہلکاروں کو نکالنے کے لیے بھیجا گیا اسرائیلی فضائیہ کا ایک ہیلی کاپٹر تکنیکی خرابی کے باعث جنوبی لبنان میں پھنس گیا تھا۔ بعد ازاں دوسرا ہیلی کاپٹر روانہ کرکے زخمیوں کو منتقل کیا گیا۔
اسرائیلی فوج نے واضح کیا کہ ہیلی کاپٹر دشمن کی فائرنگ کا نشانہ نہیں بنا بلکہ خرابی تکنیکی نوعیت کی تھی۔

