عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 108 ڈالر سے متجاوز

نیویارک:بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں 108.01 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئیں ، یہ گزشتہ تین ہفتوں کی بلند ترین سطح ہے۔عالمی بینچ مارک برینٹ کی قیمت میں 2.55 فیصد سے زائد اضافہ ہوا، جس کے بعد یہ 108.01 ڈالر فی بیرل تک جا پہنچی۔ یہ گزشتہ تین ہفتوں کی بلند ترین سطح ہے۔

امریکی ویسٹ ٹیکساس کی قیمتیں 2.50 فیصد اضافے کے ساتھ 96.74 ڈالر فی بیرل پر ریکارڈ کی گئیں۔تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث امریکی اسٹاک مارکیٹ کے مستقبل کے سودوں میں مندی دیکھی گئی اور S&P 500 کے سودے 0.3 فیصد گر گئے۔

مارکیٹ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس وقت تمام تر توجہ آبنائے ہرمز پر مرکوز ہے، جو مشرقِ وسطیٰ سے تیل کی ترسیل کا اہم ترین راستہ ہے، ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کی وجہ سے اس راستے سے سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جو عالمی سطح پر رسد اور طلب میں عدم توازن پیدا کر رہا ہے۔

ماہرین معاشیات نے خبردار کیا ہے کہ خام تیل کی قیمتوں میں اس تیزی کے براہِ راست اثرات پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک پر پڑیں گے، جہاں ایندھن مہنگا ہونے سے مہنگائی کی لہر میں مزید شدت آنے کا امکان ہے۔