پاکستان میں دہشت گردی کے پیچھے بھارتی مکروہ کردار بے نقاب

اسلام آباد/سری نگر:بھارتی صحافیوں نے پاکستان میں دہشت گرد حملوں میں بھارت کے ملوث ہونے کا واضح اشارہ دے دیا۔ بھارتی خفیہ ایجنسی را سے جڑے بھارتی صحافی آدتیہ راج کول نے انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ دہلی کے لال قلعہ دھماکے کے محض 24 گھنٹے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ میں خود کش دھماکا کس نے کرایا سب سمجھ سکتے ہیں۔

آدتیہ راج کول نے کہا کہ پاکستان میں دہشتگردی کیلئے ہماری پہچان کچھ بھی ہو سکتی ہے۔ بھارتی خفیہ ایجنسی را کا چہرہ افغانی، بھارتی، بنگلہ دیشی یا کسی مقامی بلوچ کا بھی ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھارتی ریٹائرڈ کرنل راجیش پاور نے بھی پاکستان میں دہشتگردانہ کارروائیوں میں بھارت کے ملوث ہونے کااعتراف کیا تھا۔

کرنل ریٹائرڈ راجیش پاور کے مطابق فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج پاکستان میں دہشت گرد حملوں کیلئے افغانستان کی سرزمین استعمال کر رہے ہیں۔راجیش پاور نے کہا کہ پاکستان کیخلاف دونوں دہشتگرد تنظیموں کو مالی امداد بھارت جبکہ ہتھیار اور انٹیلی جنس اسرائیل فراہم کر رہا ہے۔

ادھر مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کیخلاف تعصب عروج پر، پہلگام فالس فلیگ کے مذموم مقاصد بے نقاب ہوگئے۔ پہلگام فالس فلیگ کی آڑ میں ایک سال قبل بھارتی ریاستی دہشت گردی نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کا جینا محال کر دیا تھا، مودی سرکار نے سیکورٹی ناکامی چھپانے اور مسلم مخالف تعصب کے تحت کشمیریوں کو جبری بے دخل کر کے انکے گھروں کو مسمار کیا۔

معروف نشریاتی ادارہ الجزیرہ کے مطابق بی جے پی بھارت کے واحد مسلم اکثریتی خطہ مقبوضہ کشمیرکی آبادیاتی ساخت تبدیل کرنے کی سازش کر رہی ہے، بھارتی حکومت نے بغیر کسی تحقیق اور شواہد کے مقامی کشمیریوں کودہشت گرد قرار دے کر انکے گھروں کو مسمار کیا، تاہم مقبوضہ کشمیر میں آپریشن کے نام پر بھارتی فوج نے کشمیری خواتین کو ہراساں کر کے ریاستی درندگی کا ثبوت دیا ہے۔

عالمی ماہرین کے مطابق مودی کے پہلگام ڈرامے کا مقصد پاکستان کیخلاف جارحیت اور بھارتی مسلمانوں کو اپنی نفرت کی بھینٹ چڑھانا تھا، تاہم پہلگام فالس فلیگ نے مودی سرکار کی کشمیر پالیسی میں ریاستی طاقت، دباؤ اور آبادیاتی توازن بدلنے کی کوششوں سے متعلق سنگین خدشات کو مزید اجاگر کر دیا ہے۔

علاوہ ازیں، ہندوتوا کی پیروکار بھارتی فوج کشمیری عوام میں خوف و ہراس اور مودی کی ظالمانہ پالیسیاں مسلط کرکے علاقے پر قابض ہے۔