اسلام آباد:اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ملک میں مہنگائی کی شرح میں کمی اور قیمتوں میں استحکام پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔اعلامیے کے مطابق ملک میں مہنگائی کی شرح میں کمی اور قیمتوں میں استحکام پر ای سی سی نے اطمینان کا اظہار کیا۔
ای سی سی اعلامیے میں کہا گیا کہ ٹماٹر، پیاز، آٹا، لہسن اور چینی کی قیمتوں میں کمی کا رجحان برقرار ہے۔ ای سی سی نے وفاقی اور صوبائی سطح پر قیمتوں کی مانیٹرنگ جاری رکھنے اور سپلائی چین بہتر بنانے کی ہدایت کی۔
ای سی سی نے کینابس کنٹرول اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کے لیے10کروڑ روپے کی گرانٹ کی منظوری دے دی۔ای سی سی نے ہاکی ٹیم کے لیے ورلڈکپ کوالیفائی کرنے پر3کروڑ روپے انعامات کی منظوری بھی دی۔
ای سی سی نے نیب میں ڈیجیٹل ٹرانسفار میشن اور اے آئی سسٹم کے لیے37 کروڑ 20 لاکھ روپے مختص کرنے کی منظوری بھی دی۔
پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی کے لیے تقریباً 6 ارب روپے کی منظوری بھی دی گئی، اس رقم سے ملازمین کی تنخواہیں اور پنشن ادا کی جائیگی۔بلوچستان میں تعینات افسران کیلئے خصوصی مراعاتی پیکیج کے تحت31کروڑ روپے سے زائد کی منظوری دی گئی۔

