لاہور:پی ٹی آئی اور تحریک تحفظ آئین پاکستان نے آئین کے تحفظ اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کیلئے جلسے جلوس کرنے کااعلان کر دیا۔ان خیالات کااظہارتحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود اچکزئی ، پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ ، اسد قیصر ، سردار لطیف کھوسہ ، عمر ڈار اور حقوق خلق پارٹی کے عمار جان نے لاہور میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
محمود خان اچکزئی نے کہا کہ تمام ادارے برباد ہو چکے ہیں ۔ دنیا میں کہیں نہیں سنا کہ کسی پارٹی کا انتخابی نشان لے لیا جائے۔ بانی پی ٹی آئی اس ملک کا سب سے بڑا لیڈر ہے۔ یہاں آج وفاداریاں نہ بیچنے والے غدار ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم کہتے ہیں پاکستان میں منتخب پارلیمنٹ ہو، طاقت کا سرچشمہ پارلیمنٹ ہو ، فیصلے منتخب پارلیمنٹ کرے ۔ ہماری کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے۔ ہم لڑائی جھگڑے والے لوگ نہیں ہیں۔
محمود اچکزئی کا کہنا تھا کہ نواز شریف ، شہباز شریف ، آصف زرداری، عمران خان بڑے آدمی ہوں گے لیکن سب سے بڑا پاکستان ہے ۔ ہم نے فیصلہ کر لیا ہے کہ گلی گلی جائیں گے۔ مائنس عمران خان کا ماحول بنایا جا رہا ہے۔ ایسی ہر کوشش کی تحریک تحفظ آئین پاکستان مزاحمت کرے گی ۔ آ پ کون ہوتے ہیں مائنس کرنے والے ۔ ہم جلسے کریں گے، جلوس نکالیں گے ،ہم وارننگ دے رہے ہیں ہمارا راستہ نہ روکنا۔ ہم خانہ جنگی نہیں کریں گے۔
ہمیں جدو جہد نہ کرنے دی گئی تو پھر ہم کہیں گے کہ جیلیں کھول دیں ، آپ کی جیلیں بھر جائیں گی۔سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ آج عمران خان کی رہائی اور ان کی صحت سے بڑھ کر ہمارے لیے کچھ اہم نہیں۔ ہم آج پاکستان کے ہر مزدور اور ہر کسان سے کہتے ہیں کہ تمہارا مستقبل، تمہاری حقیقی آزادی، عمران خان کی آزادی سے منسلک ہے۔ ہم نے اکٹھے لڑنا ہے، ہم نے تمہاری آزادی کے لیے لڑنا ہے۔ تمہارے روزگار کے لیے لڑنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج ہماری سیر حاصل گفتگو ہوئی ہے، مزید گفتگو بھی ہوگی۔ عمران خان نے محمود خان اچکزئی پر اعتبار اور بھروسا کیا ہے۔ محمود خان اچکزئی کو قومی اسمبلی میں لیڈر آف دی اپوزیشن بنانے کا فیصلہ عمران خان کا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے عمران خان کی رہنمائی میں یہ جنگ لڑنی ہے اور اس جنگ کو لڑنے کے لیے ہم موجود ہیں۔
ہم کبھی اس میدان سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ ہم ڈٹے ہوئے ہیں۔اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف اور تحریک تحفظ آئین پاکستان نے آئین کے تحفظ اور بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے جلسے جلوس کرنے کااعلان کیا۔سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پریس کانفرنس میں کہا کہ پنجاب میں کسانوں کا استحصال ہو رہا ہے ۔
ہم کسانوں کے ساتھ ہیں، کسان تنظیموں کے پاس جائیں گے، ان کو اپنے ساتھ انگیج کریں گے۔ کسانوں کے ساتھ مل کر تحریک چلائیں گے ۔ یہ پارٹی عمران خان کی ہے۔اگر کوئی سمجھتا ہے کہ وہ بانی کی جگہ لے سکتا ہے تو وہ غلط فہمی میں ہے۔ ہماری جدوجہد پرامن ہوگی۔ جدوجہد کرنا ہمارا آئینی حق ہے۔

