اسلام آباد:وزیرِ اعظم شہباز شریف سے ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی اور ایرانی وفد نے ملاقات کی۔
وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی وزیرِ اعظم سے ملاقات کے لیے وزیرِ اعظم ہائوس پہنچے جہاں دونوں رہنمائوں نے ملاقات کی۔
نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ ملاقات میں شریک ہوئے، ملاقات میں خطے کی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔
قبل ازیں پاکستان کے دورے پر آئے ایران کے وزیرخارجہ عباس عراقچی نے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کی۔ایرانی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اپنے دورے کے دوران ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پہلی باضابطہ ملاقات فیلڈ مارشل عاصم منیر سے کی۔
وزیراعظم سے ملاقات کے بعد ایرانی وفد مسقط اور ماسکو روانہ ہو جائے گاجہاں مزید سفارتی رابطے جاری رکھے جائیں گے۔اطلاعات کے مطابق پاکستان کے ساتھ ہونے والی مشاورت کی روشنی میں امریکی حکام کو بھی آگاہ کیا جائے گاجبکہ امریکی وفد کے ممکنہ دورہ پاکستان سے متعلق فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کے وقت کا ابھی حتمی تعین نہیں ہوا تاہم مسقط اور ماسکو کے دوروں کے بعد مجموعی صورتحال مزید واضح ہونے کا امکان ہے۔

