بھارت کے شہر پونے کے ہوائی اڈے پر فضائیہ کے ایک طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کے باعث رن وے عارضی طور پر بند ہوگیا، جس سے آنے اور جانے والی پروازوں کا نظام شدید متاثر ہوا، تاہم حکام کے مطابق تمام عملہ محفوظ رہا۔
بھارتی اخبار انڈیا ٹو ڈے کے مطابق واقعہ ایک جنگی طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کے دوران پیش آیا۔ فضائیہ کے بیان میں کہا گیا کہ یہ صورتحال ایک معمول کی رات کی پرواز کے دوران پیدا ہوئی، تاہم عملہ مکمل طور پر محفوظ رہا اور کسی شہری املاک کو نقصان نہیں پہنچا۔
بعد ازاں بھارتی فضائیہ نے بتایا کہ رن وے کو بحال کر دیا گیا ہے اور تمام حفاظتی معائنے مکمل ہونے کے بعد اسے دوبارہ قابلِ استعمال قرار دے دیا گیا ہے، جبکہ پروازوں کی بحالی مرحلہ وار جاری ہے۔
ہوائی اڈے اور پولیس ذرائع کے مطابق طیارے کے لینڈنگ کے وقت اس کے پہیوں کے نظام میں خرابی کا خدشہ ہے، جس کے باعث طیارہ رن وے پر رک گیا اور راستہ بند ہو گیا، تاہم اس حوالے سے حتمی تکنیکی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
حکام کے مطابق یہ واقعہ رات تقریباً 10 بج کر 25 منٹ پر پیش آیا، جس کے بعد حفاظتی اقدامات کے طور پر فوری طور پر فضائی آمد و رفت معطل کر دی گئی۔
پونے کا یہ ہوائی اڈہ شہری اور فوجی دونوں مقاصد کے لیے استعمال ہوتا ہے اور یہاں فضائیہ کا اڈہ بھی موجود ہے، جس کے باعث اس واقعے کے بعد تجارتی پروازوں کا مکمل نظام متاثر ہوا۔
فضائی ٹریفک حکام کے مطابق رن وے کو صاف کرنے اور معمول کی سرگرمیاں بحال کرنے میں 4 سے 6 گھنٹے لگے۔ اس دوران ایئر لائنز کو صورت حال سے آگاہ کر دیا گیا اور پروازوں کے شیڈول میں تبدیلیاں کی گئیں۔
بھارت کے وزیر مملکت برائے ہوا بازی مرلی دھر موہول نے بھی واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مسافروں کی حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا گیا اور حکام جلد از جلد معمول کی صورتحال بحال کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔
رن وے بند ہونے کے باعث 17 اور 18 اپریل کو پروازوں کا نظام شدید متاثر ہوا اور مختلف ایئر لائنز کی متعدد پروازیں منسوخ ہوئیں۔ سب سے زیادہ منسوخیاں انڈیگو کی رہیں، جس نے 31 آمد اور 34 روانگی کی پروازیں منسوخ کیں۔ اس کے علاوہ دیگر ایئر لائنز کی پروازیں بھی متاثر ہوئیں۔
ایئر لائنز نے متاثرہ مسافروں سے کہا ہے کہ وہ ہوائی اڈے جانے سے پہلے اپنی پرواز کی صورتحال ضرور معلوم کریں، جبکہ متبادل پرواز یا مکمل رقم واپسی کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔

