ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے ملک بھر میں کارروائیاں کرتے ہوئے امریکی حملوں کی تیاری کرنے والے 120 سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
ایران کے نیم سرکاری خبر رساں ادارے تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق گرفتار افراد پر الزام ہے کہ وہ امریکا، برطانیہ اور اسرائیل سے وابستہ تھے اور دشمن کے فوجی حملے کے لیے زمینی راہ ہموار کر رہے تھے۔
رپورٹ کے مطابق صوبہ مشرقی آذربائیجان میں 7 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، جن پر الزام ہے کہ وہ حساس مقامات کے کوآرڈینیٹس اپنے ہیڈکوارٹرز کو بھیج رہے تھے۔
اسی طرح صوبہ مازندران میں مزید 69 افراد کو حراست میں لیا گیا، جبکہ صوبہ کرمان میں 51 افراد کو گرفتار کیا گیا، جن میں تین مبینہ جاسوسی ٹیمیں بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ایران میں سیکیورٹی اداروں نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے امریکا اور اسرائیل کو حساس معلومات فراہم کرنے الزام میں کم از کم 50 افراد کو گرفتار کیا تھا۔
حکام کا کہنا تھا کہ ملزمان اہم تنصیبات اور سروسز سے متعلق معلومات شیئر کر رہے تھے۔ ایرانی حکام کا مزید کہنا تھا کہ گرفتار افراد کرائے کے ایجنٹ کے طور پر کام کر رہے تھے اور دشمن ممالک کے ساتھ تعاون میں ملوث تھے۔
ریاست سے منسلک خبر رساں ادارے ایس این این نے بتایا تھا ان افراد نے حساس مقامات، سروس سہولیات اور انفراسٹرکچر سے متعلق معلومات بیرونِ ملک منتقل کیں۔

