مردان:جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ چوری کے ووٹ پر آئی چور حکومت نامنظور، آج میری مٹی پر خون بہہ رہا ہے، امن تباہ، حکومتی نظام درہم برہم، حکومتی قانون اور ادارے بے بس جبکہ مسلح گروہ آزادی سے گھوم رہے ہیں۔
یہ چوری کے ووٹ پر لائی گئی چور حکومت نامنظور، میں چوری کی حکومت نہیں مانتا، اگلا جلسہ بلوچستان اور پھر کراچی میں ہوگااور یوں یہ سلسلہ چلتا رہے گا۔
انہوں نے کہا ہے کہ حالیہ ایران امریکا مذاکرات کے اسلام آباد میں انعقاد سے ملک کا وقار بلند ہوا ہے۔ مذاکرات ناکام نہیں ہوئے بلکہ اس کا پہلا مرحلہ مکمل ہوا، جلد دوسرے مرحلے کا انعقاد ہوگا، اللہ کا کرم ہے کہ دنیا اسلام آباد میں امن تلاش کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو حالیہ حالات کی وجہ سے عوام پر گرایا گیا مہنگائی کا بم واپس کرنا ہوگا،
اسرائیل سرزمین عرب پر ایک غیر قانونی اور ناجائز ریاست ہے، اس کا خاتمہ امت مسلمہ کی آرزو ہے۔وہ مردان سپورٹس کمپلکس میںجلسے سے خطاب کر رہے تھے۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ یہودی اور مودی کا اکھٹا ہونا امت کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے، یہود و ہنود کے اس گندے اتحاد کو ہم کامیاب نہیں ہونے دیں گے، اسرائیل فلسطینیوں پر ظلم وستم کے پہاڑ توڑ رہا ہے۔
آزادی کے باوجود ملک کو غلام رکھا جا رہا ہے ہم اس کو حقیقی آزادی دلا کر رہیں گے، شریف برادران اور زرداری سر جھکا سکتے ہیں لیکن ہم کبھی باطل کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ اتوار کے روز ہم نے ملک بھر میں مہنگائی کے خلاف احتجاج کا فیصلہ کیا تھا لیکن کہا گیا کہ بیرونی مہمان آرہے ہیں تو ہم نے اپنی سرزمین پر مہمانوں کی عزت کے لیے احتجاج کو ملتوی کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ اس ملک کو اللہ نے دنیا کی قیادت کے لیے بنایا ہے، ہم قوم کے اندر خود اعتمادی اور احساس برتری پیدا کر کے ملک کو وہی مقام دلانا چاہتے ہیں۔

