دنیا کی نظریں پاکستان پر

اسلام آباد: امریکا اور ایران کو مذاکرات کی میز پر لانے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے متوازن سفارتی کردار ادا کرنے کے باعث عالمی سطح پر پاکستان کی اہمیت غیر معمولی طور پر بڑھ گئی ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق دونوں ممالک کے نمائندوں کو اسلام آباد میں بات چیت کے لیے آمادہ کرنے میں پاکستانی قیادت کی کوششیں مؤثر ثابت ہوئی ہیں، جس کے بعد دنیا بھر کی نظریں پاکستان پر مرکوز ہو گئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مختلف عالمی میڈیا اداروں کے نمائندے اس اہم پیش رفت کی کوریج کے لیے پاکستان پہنچ چکے ہیں اور اسلام آباد میں سفارتی سرگرمیوں میں تیزی آ گئی ہے۔ ہوٹلوں، سفارتی مراکز اور متعلقہ حکام کے دفاتر میں غیرمعمولی نقل و حرکت دیکھنے میں آرہی ہے جبکہ سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں: شیخ الاسلام مفتی تقی عثمانی کی عالم اسلام سے اسلام آباد مذاکرات کی کامیابی کی اپیل
اطلاعات کے مطابق ایران اور امریکا کے نمائندہ وفود کی آمد کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے اور ابتدائی رابطوں کے بعد باقاعدہ مذاکرات کے لیے شیڈول کو حتمی شکل دی جا چکی ہے۔ سفارتی حلقوں کا کہنا ہے کہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان اعتماد سازی کے اقدامات کو آگے بڑھانے میں سہولت کار کا کردار ادا کرے گا تاکہ کشیدگی میں کمی اور پائیدار امن کی راہ ہموار ہو سکے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان کی یہ کوششیں نہ صرف خطے میں استحکام کے لیے اہم ہیں بلکہ عالمی سطح پر بھی اس کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر مذاکرات کامیاب ہوتے ہیں تو یہ پاکستان کی سفارتی کامیابی تصور کی جائے گی اور ملک کا وقار مزید بلند ہوگا۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے بعد جنگ بندی پر اتفاق ہوا تھا، جس کے نتیجے میں دونوں جانب سے کشیدگی کم کرنے کے اشارے ملے۔
اسی پس منظر میں مذاکرات کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان نے متحرک سفارتکاری کا آغاز کیا اور اب جنگ بندی کے بعد بامعنی بات چیت کے لیے اسلام آباد کو ممکنہ مقام کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔