بشریٰ بی بی کی آنکھ کانجی ہسپتال میں آپریشن، واپس جیل منتقل

راولپنڈی:بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی کی دائیں آنکھ کی بینائی متاثر ہونے کی شکایت پر آپریشن کیا گیا۔سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے مطابق دائیں آنکھ میں ریٹینل ڈیٹچمنٹ تشخیص ہوا جس پر جیل انتظامیہ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ماہرین چشم سے معائنہ کرایا۔سپرنٹنڈنٹ جیل کے مطابق 16 اپریل کی شام مریضہ کو راولپنڈی کے نجی ہسپتال منتقل کیا گیا، سرجری سے قبل ضروری ٹیسٹ اور طبی معائنہ مکمل کیا گیا ،سرجری پروفیسر ڈاکٹر ندیم قریشی اور پینل نے انجام دی۔

سپرنٹنڈنٹ جیل نے بتایا کہ سرجری کے بعد مریضہ کو ہسپتال سے ڈسچارج کرکے واپس اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا ہے، آپریشن کے بعد کے معائنے اور فالو اپ ڈاکٹرز کے مشورے مطابق کیے جائیں گے۔جیل ذرائع کے مطابق بشری بی بی نے دائیں آنکھ کی بینائی میں خرابی کی شکایت کی تھی، جس پر جیل انتظامیہ نے ماہرینِ چشم سے ان کا طبی معائنہ کرایا۔ معائنے کے دوران ان کی آنکھ میں “ریٹینل ڈیٹچمنٹ کی تشخیص ہوئی، جس پر ڈاکٹروں نے انہیں فوری سرجری کا مشورہ دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بشری بی بی کو گزشتہ شام راولپنڈی کے ایک نجی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں سرجری سے قبل تمام ضروری طبی ٹیسٹ مکمل کیے گئے۔ بشری بی بی کی رضامندی کے بعد پروفیسر ڈاکٹر ندیم قریشی اور ماہر ڈاکٹروں کے پینل نے ان کی آنکھ کا آپریشن کیا۔ادھرچیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے انکشاف کیا ہے کہ بشری بی بی کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری پیغام میں بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ گزشتہ رات بتایا گیا کہ بشری بی بی کو ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، بشری بی بی کے علاج کے حوالے سے مزید تفصیلات کا انتظار ہے، آگاہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ بشری بی بی سے ان کی فیملی کی ملاقات کی درخواست کرتا ہوں، ہم بانی سے ان کے فیملی ممبران کی ملاقات کا بھی انتظار کر رہے ہیں، علاج معالجے تک رسائی بنیادی اور قانونی حق ہے۔