ملک کے بیشتر شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری سے موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ پنجاب اورخیبرپختونخوا میں چھتیں گرنے کے واقعات میں 4بچوں سمیت 6افراد جاں بحق اور متعد زخمی ہوگئے۔نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے) نے ملک بھر میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش اور برفباری کا الرٹ جاری کردیا۔
گزشتہ روز لودھراں،جھنگ ، موسی خیل، پشاور، با جوڑ، ملاکنڈ سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ شمالی وزیرستان میں بھی مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، شدید بارش سے موسم سرد اور ندی نالوں میں طغیانی آگئی جبکہ بابو سر ٹاپ، نانگا پربت، بٹوگاہ ٹاپ پرگزشتہ رات سے برف باری اور چلاس شہر اور گردونواح میں گزشتہ رات سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
مزید برآں لاہور میں بھی مسلسل 6 گھنٹے بارش ریکارڈ کی گئی، جس پرصوبائی وزیر برائے ہائوسنگ بلال یاسین نے ایم ڈی واسا کو بروقت نکاسی آب کی ہدایت کی ہے۔اس حوالے سے وزیر ہائوسنگ نے کہا کہ شہر کے نشیبی علاقوں سے پانی کی بروقت نکاسی یقینی بنائی جائے، زیر تعمیر سائٹس کے گرد حفاظتی اقدامات کو بھی یقینی بنایا جائے جبکہ اہم شاہراہوں اور انڈر پاسز کی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں کل شام سے رات گئے تک بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ پشاور سمیت بالائی خیبر پختونخوا اور میدانی علاقوں کا موسم گہرے بادلوں کے لپیٹ میں ہے۔
ڈیرہ اسماعیل خان ، لکی مروت ، ہنگو ، کرم ، پاراچنار میں بھی بارش ہوتی رہی۔ خیبر ، لنڈی کوتل، دیر، سوات ،چترال اور شانگلہ میں بھی بارش ہوئی ۔صوبے کے بلند پہاڑ وں پر کہیں کہیں ہلکی برفباری ہوئی جبکہ برفباری سے بالائی علاقوں کا موسم سرد ہوگیا۔ پنجاب کے مختلف شہروں میں بادل برس پڑے، لاہور کے مختلف علاقوں میں بادل برسنے سے موسم خوشگوار ہوگیا، صوبائی دارالحکومت کے علاقے ظفر پارک بادامی باغ میں گھر کی چھت گرنے سے 2 افراد جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوگئے، چھت ٹی آر گارڈر سے بنی ہوئی تھی۔
ریسکیو حکام نے ملبے تلے سے 2 افراد کو زندہ نکال لیا۔اس کے علاوہ پنجاب کے دیگر شہروں جھنگ، بہاولپور، میانوالی سمیت کئی شہروں میں بادل برسے، یزمان، چولستان اور دیگر علاقوں میں بھی بارش ہوئی، راولپنڈی، اسلام آباد میں بھی بادل برسے۔محکمہ موسمیات نے لاہور میں 31 مارچ تک وقفے وقفے سے بارش کی پیشگوئی کی ۔
اد ھر این ڈی ایم اے نے اگلے 12سے 24 گھنٹے کے دوران ملک میں تیزہواؤں اور آندھی کیساتھ بارش کی پیشگوئی کردی۔این ڈی ایم اے نے ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش اورپہاڑوں پر برفباری کا الرٹ جاری کر دیا،مغربی ہواں کا سلسلہ ملک بھر میں مزید بارش برسائے گا۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد،کشمیر،پختونخوا ،بالائی و وسطی پنجاب، گلگت بلتستان ،شمال مشرقی بلوچستان اورجنوبی پنجاب میں چندمقامات پرتیزبارش کا امکان ہے۔ادھرمحکمہ موسمیات کا کہنا ہے کراچی میں تیز ہوائیں چلنے کا سلسلہ جاری اور شہر میں چند ایک مقامات پر بارش کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج کراچی شہر میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے اور چند مقامات پر بارش کا امکان ہے، شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 24.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک متوقع ہے۔ حکام کا بتانا ہے کہ ہوا میں نمی کا تناسب 64 فیصد ہے اور اس وقت مغربی سمت سے 22 کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

