راولپنڈی:اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے ملاقات کروادی گئی۔
جیل ذرائع کے مطابق عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ملاقات کانفرنس روم میں کروائی گئی جو25منٹ تک جاری رہی۔
دوسری جانب چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ قیدی کا بیٹوں سے بات نہ کرانا اور عورت قیدی کا ملاقات نہ کرانا غیرانسانی سلوک ہے۔اڈیالہ ناکے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ملاقاتوں کو اس حد تک روکنا حقوق کی خلاف ورزی اور مجرمانہ فعل ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ یہ بانی پی ٹی آئی کا تیسرا رمضان اور آج 955 دن ہوگئے جیل میں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک تقسیم اور نفرت کا متحمل نہیں ہوسکتا، حالات کا ادراک کریں۔ ملاقاتوں کو بند کرنے سے حالات بہتر نہیں ہوں گے۔
سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھاکہ بانی کی صحت اور رہائی ہر بات سے آگے ہے پاکستان کی سالمیت اور بقا ہمارے لیے اہم ترین ہے تمام فیصلے سوچ سمجھ کر ملکی پارٹی مفادات کو سامنے رکھ کر کریں گے۔ اسرائیل اور امریکا کی جارحیت کے خلاف ایرانی قوم ڈٹ گئی ہے اور یگانگت کے ساتھ اس کا مقابلہ کررہی ہے۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ بہنوں سمیت فہرست کے مطابق ہم یہاں موجود ہیں۔سلمان راجہ نے کہا کہ اچکزئی اور ناصر عباس کو مزاحمت اور مذاکرات کرنے کا اختیار دیا گیا۔

