عوام پرمہنگائی بم،پنجاب حکومت کا32لگژری گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ

لاہور:حکومتِ پنجاب نے وی آئی پیز اور وی وی آئی پیز کے لیے نئی لگژری گاڑیوں کی خریداری کی منظوری دے دی ہے۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق اس منصوبے پر مجموعی طور پر 52 کروڑ 35 لاکھ روپے خرچ کیے جائیں گے۔ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے 32 نئی لگژری گاڑیاں خریدی جائیں گی جبکہ وی وی آئی پیز کی سیکورٹی اور پروٹوکول کے لیے 12 ڈبل کیبن (ڈالے)بھی لیے جائیں گے۔

منصوبے میں گاڑیوں کو جدید سیکورٹی سہولیات سے آراستہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے جن میں نائٹ وژن، تھرمل کیمرے اور دیگر جدید حفاظتی آلات شامل ہیں۔دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ گاڑیوں کی سیکورٹی اپ گریڈ کے لیے علیحدہ بجٹ بھی مختص کیا گیا ہے تاکہ اہم شخصیات کو بہتر تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

دوسری جانب محکمہ خزانہ پنجاب نے اس منصوبے پر اعتراضات اٹھاتے ہوئے اخراجات پر سوالات بھی کیے ہیں تاہم اس کے باوجود خریداری کی منظوری دے دی گئی ہے۔یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ملک میں معاشی دبائو کے باعث سرکاری اخراجات پر بحث جاری ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیر کو ہونے والے کابینہ اجلاس میں پنجاب حکومت نے کابینہ کمیٹی اور سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کے ٹرانسپورٹ ونگ کی سفارشات کے بعد اعلیٰ عدلیہ کے لیے نامزد 10 گاڑیوں کی خریداری کی منظوری بھی دے دی۔ یہ فیصلہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا۔