لندن /برسلز/ تہران:مشرقِ وسطیٰ میں جاری ایران، امریکا و اسرائیل تنازع کے باعث برینٹ کروڈ آئل کی قیمت پھر سے 100 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی۔مشرق وسطیٰ میں کشیدگی نے خام تیل کی قیمتوں کو خطرناک حد تک بڑھا دیا ہے، امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری جنگ کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
برینٹ کروڈ آئل کی قیمت میں 3 فیصد اضافہ ہوا ہے، نئی قیمت ایک سو تین اعشاریہ دو نو ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے، امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت میں 3 ڈالر 71 سینٹ کا اضافہ ہوا جس کے بعد نئی قیمت تقریباً 99 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
ادھر روسی تیل پر پابندیوں میں نرمی کے بعد امریکا کو یورپی رہنمائو ں کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یورپی رہنمائو ں کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے روس کو جنگ کیلئے مزید مالی وسائل مل سکتے ہیں لہذا روس پر دبائو برقرار رکھنا ضروری ہے، فرانس اور یوکرینی صدر نے بھی امریکی فیصلے کی مخالفت کی ہے۔
جرمن چانسلر کا کہنا تھا کہ امریکی فیصلہ غلط ہے، جرمن چانسلر نے ایران کے خلاف جنگ پر امریکی صدرٹرمپ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کے پاس خلیج فارس میں جنگ ختم کرنے کی واضح حکمت عملی نہیں ہے، ایران جنگ نے جرمنی کی توانائی کی قیمتوں پر شدید اثر ڈالا ہے۔

