فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے ملاقات کی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دورۂ سعودی عرب میں ہونے والی ملاقات میں ایرانی ڈرون اور میزائل حملوں سے پیدا ہونے والی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر دونوں شخصیات نے حملوں کو روکنے کے لیے اسٹریٹجک دفاعی معاہدے کے تحت اقدامات پر بھی تبادلۂ خیال کیا اور ملاقات میں زور دیا گیا کہ بلاوجہ جارحیت خطے کی سیکیورٹی اور استحکام کے لیے خطرہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ کی درخواست مسترد، کردوں نے ایران کیخلاف لڑنے سے انکار کردیا
آئی ایس پی آر کے مطابق بلاوجہ حملے امن کے لیے مذاکرات کے امکانات کو محدود کرتے ہیں اور بحران کو بڑھاتے ہیں۔ فریقین نے امید ظاہر کی کہ ایران سمجھداری اور دانشمندی کا مظاہرہ کرے گا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ایران کی محتاط حکمتِ عملی سے دوست ممالک کو بحران کے پُرامن حل کی کوششوں میں مدد ملے گی۔
علاوہ ازیں ملاقات میں علاقائی سیکیورٹی اور دوستی کے فروغ کے لیے تعاون مضبوط کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔ دونوں ملکوں نے باہمی تعاون اور تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا عزم بھی ظاہر کیا۔

