امریکا، اسرائیل اور برطانیہ کو اب تک جنگ میں کتنا نقصان پہنچ چکا؟

ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے دفتر اور فضائیہ کے ہیڈ کوارٹر کو ‘خیبر شکن’ بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنانے کا دعوی کر کے ہلچل مچا دی ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق ایران نے اسرائیل کے مختلف شہروں بشمول تل ابیب، یروشلم اور حیفہ پر میزائل داغے ہیں۔
اسرائیلی وزارتِ صحت کے مطابق ان حملوں میں اب تک سیکڑوں افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے۔ ترجمان کے مطابق ایرانی حملوں میں اسرائیل میں 777 افراد زخمی ہوئے، 88 شدید زخمی ابھی تک مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔
تل ابیب، یروشلم اور مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں بھی میزائل حملے کیے گئے، جس کے بعد سائرن بج اٹھے اور شہریوں کو بنکروں میں منتقل کیا گیا۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعوی ٰکیا کہ انہوں نے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کے دفتر اور فضائیہ کے کمانڈر ٹومر بار کی قیام گاہ کو جدید ‘خیبر شکن’ بیلسٹک میزائلوں سے براہِ راست نشانہ بنایا ہے۔
نیتن یاہو کی ہلاکت کے حوالے سے متضاد دعووں کے بعد اسرائیلی ذرائع نے نیتن یاہو کے بنکر سے باہر نکلنے اور ایرانی میزائلوں سے متاثرہ علاقوں کے دورے کی خبریں اور ویڈیوز جاری کی ہیں تاکہ یاہو کی سلامتی سے متعلق ایرانی دعوں کی تردید کی جا سکے، تاہم تہران ان خبروں کو پروپیگنڈا قرار دے رہا ہے۔
ایرانی فوج نے دعوی کیا ہے کہ ان کے حملوں میں اب تک 560 امریکی فوجی ہلاک یا زخمی ہو چکے ہیں۔ تاہم، امریکی سینٹ کام نے صرف 4 فوجیوں کی ہلاکت اور 5 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
کویت میں امریکا کے تین ایف 15 طیارے دفاعی نظام کی رینج میں آکر گر کر تباہ ہوگئے، امریکی سینٹرل کمانڈ اور کویتی حکومت نے تصدیق کی ہے۔وزارت دفاع کے مطابق طیاروں کے عملے کو کوئی جانی نقصان نہیں پہنچا اور تمام 6اہلکاروں کو طبی معائنے کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ایران کے سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ ملکی حدودکی خلاف ورزی پر امریکی ایف15لڑاکا طیارہ ایرانی فضائی دفاع نے مارگرایا، امریکی لڑاکاطیارہ کویت میں گرکرتباہ ہوا۔ایرانی فوج کا کہنا ہے کہ کویت میں امریکا کی علی السلیم بیس کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
قبل ازیں روسی میڈیا نے کویت میں امریکی لڑاکا طیارہ ایف 15 گر کر تباہ ہونے کا بتایا تھا، طیارے کا پائلٹ ایجکٹ کرنے میں کامیاب رہا۔سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں گرتے ہوئے ایف 15 طیارے سے آگ کے شعلے نکلتے بھی دیکھے گئے تھے۔
روسی میڈیا کا کہنا تھا کہ ایف 15 لڑاکا طیارے کے پائلٹ کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔
پاسدارانِ انقلاب کے مطابق تین امریکی اور برطانوی آئل ٹینکروں کو میزائلوں سے ہدف بنایا گیا، جو اب خلیج فارس اور آبنائے ہرمز میں جل رہے ہیں۔