ایک اعلیٰ سیکیورٹی عہدیدار نے میڈیا انفلوئنسرز کے ساتھ خصوصی نشست میں بھارت، علاقائی سلامتی اور پاکستان کی داخلی صورتحال سے متعلق مختلف امور پر بریفنگ دی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بریفنگ میں کہا گیا کہ بھارت اپنے اندرونی مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے خطے، بالخصوص پاکستان، میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ بریفنگ میں یہ بھی کہا گیا کہ بھارتی قیادت زمینی حقائق تسلیم کرنے سے گریز کر رہی ہے جبکہ ہندوتوا نظریے نے بھارت کے سیکولر تشخص کو متاثر کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اعلیٰ سیکیورٹی عہدیدار نے مؤقف اختیار کیا کہ بھارت میں بڑھتی ہوئی مذہبی شدت پسندی، عدم برداشت اور اقلیتوں کے ساتھ رویہ داخلی بحران کو مزید گہرا کر رہا ہے۔ بریفنگ میں دعویٰ کیا گیا کہ آزادیٔ اظہار، میڈیا کی آزادی اور انسانی حقوق سے متعلق صورتحال بھی تشویش کا باعث ہے۔
اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا بھی ذکر کیا گیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بریفنگ میں کہا گیا کہ کشمیری عوام سخت سیکیورٹی ماحول میں زندگی گزار رہے ہیں اور بھارت آزادی کی تحریکوں سے توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان پر الزامات عائد کرتا ہے۔
ذرائع کے مطابق میڈیا انفلوئنسرز کو بتایا گیا کہ پاکستان کے استحکام اور ترقی کو بعض بھارتی حلقے اپنے لیے خطرہ تصور کرتے ہیں، اسی وجہ سے پاکستان اور اس کی مسلح افواج کے خلاف بیانیہ تشکیل دینے کی کوشش کی جاتی ہے۔
بریفنگ میں کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی بعض قیادت پر بھی بھارتی ایجنڈے پر عمل کرنے کا الزام عائد کیا گیا، جبکہ اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ریاست پاکستان اور اس کے عوام کسی بھی بیرونی دباؤ سے مرعوب نہیں ہوں گے۔

