وزیراعظم شہبازشریف نے خطے کی موجودہ سکیورٹی صورتحال پر اجلاس طلب کرلیا جب کہ وزیراعظم کا دورہ روس ملتوی کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں اعلی عسکری قیادت اورانٹیلی جنس اداروں کے سربراہان شریک ہونگے، اجلاس میں افغانستان،ایران سمیت خطے کے دیگر ممالک کی سکیورٹی صورتحال پرغور کیاجائیگا۔
خطے کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر وزیراعظم کا دورہ روس خطے کی صورتحال کے حوالے سے ری شیڈول ہونے کا امکان ہے جب کہ دونوں ممالک سفارتی سطح پر اس پر غور کریں گے۔
خطے کی صورتحال اور فضائی اپریشن متاثر ہونے کے باعت دورہ کے ری شیڈول ہونے کا امکان ہے۔
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملاقات کی، وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو روم اور اٹلی میں ہونے والے چار ملکی وزرا داخلہ اجلاس میں اپنی شرکت کے بارے میں بریفنگ دی جس میں پاکستان کے علاوہ اٹلی، اسپین اور یونان کے وزرا داخلہ شریک ہوئے۔
وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو پولینڈ میں ہونے والے چھ فریقی وزرا داخلہ اجلاس میں اپنی شرکت بارے بھی بریف کیا جس میں پاکستان اور پولینڈ کے علاوہ لیٹویا، فن لینڈ، ایسٹونیا اور لیتھوانیا کے وزرا داخلہ شریک تھے۔
وزیراعظم داخلہ نے بریفنگ میں کہا کہ دونوں کانفرنسز میں شریک ممالک نے پاکستانیوں کے لئے قانونی ورک پرمٹ کے جلد از جلد اجرا پر اتفاق کیا، رکن ممالک نے یورپی ممالک کی جانب غیر قانونی طور پر سفر کرنے والوں کی تعداد میں صرف ایک سال میں 47 فیصد کمی لانے اور انسانی اسمگلنگ کے خاتمے کے لئے اقدامات پر پاکستان کی کارکردگی کو سراہا۔
وزیر داخلہ نے بریفنگ میں کہا کہ پولینڈ اور اٹلی پاکستانی سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے جلد ویزا کی شرط ختم کردیں گے، پاکستان کی امیگریشن اور بارڈر سیکیورٹی کی صلاحیت اور استعداد کار میں بہتری کے لئے یورپی یونین میں جلد از جلد پلان پیش کیا جائے گا۔
وزیر اعظم نے وزیر داخلہ کی کاشوں کو سراہا، ملاقات میں ملکی داخلی اور مجموعی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔

