امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملوں میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای جاں بحق ہوگئے، ایران کے سرکاری میڈیا نے خامنہ ای کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران بھر میں 7 روزہ تعطیل اور 40 روز کے سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔
ایران کے سرکاری میڈیا ادارے کا کہنا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کے ان حملوں میں ایران کے سپریم لیڈر کی بیٹی، داماد اور نواسی بھی جان سے گئے۔
اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایران کے سپریم لیڈر اپنے ساتھیوں کے ہمراہ زیر زمین بینکر میں تھے، علی خامنہ ای کے کمپاؤنڈ پر 30 بم گرائے گئے۔ ایرانی سپریم لیڈر درجنوں ساتھیوں سمیت مارے گئے۔
قبل ازیں سینئر اسرائیلی حکام نے دعویٰ کیا کہ حملوں کے بعد ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کی میت مل گئی ہے۔
برطانوی میڈیا نے بھی اسرائیلی حکام کے حوالے سے کہا کہ خامنہ اِی کی لاش ملی ہے۔
امریکی حکام نے بھی تصدیق کی کہ ہمیں یقین ہے کہ خامنہ ای اور 5 سے 10 اعلیٰ ایرانی رہنما کمپاؤنڈ پر اسرائیلی حملے میں مارے گئے ہیں۔
گزشتہ روز امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر کیے گئے حملوں میں 201 ایرانی شہری شہید اور 747 زخمی ہوئے تھے۔

