خیبرپختونخوا حکومت نے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے حالیہ اجلاس کے اخراجات کی منظوری کا فیصلہ کر لیا ہے۔ رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے منعقد ہونے والے اجلاس پر مجموعی طور پر 20 لاکھ روپے خرچ ہوئے، جو صوبائی حکومت ادا کرے گی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی زیر صدارت 25 فروری کو ہونے والے صوبائی کابینہ کے 48 ویں اجلاس کے لیے 18 نکاتی ایجنڈا تیار کر لیا گیا ہے۔ اسی ایجنڈے میں رویت ہلال کمیٹی کے اخراجات کی باقاعدہ منظوری بھی شامل ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے منعقد ہوا تھا، جس کے انتظامی اور دیگر اخراجات کی مد میں 20 لاکھ روپے صرف ہوئے۔ کابینہ اجلاس میں ان اخراجات کی توثیق کی جائے گی۔

