بنوں، فورسز پر حملہ ناکام، 5دہشت گرد ہلاک، افسر سمیت 2جوان شہید

خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں سیکورٹی فورسز نے ا پنے قافلے پر حملے کو ناکام بنا کر 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جب کہ اس دوران لیفٹیننٹ کرنل سمیت 2 جوان شہید ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کی جانب سے جاری بیان کے مطابق21فروری کو ضلع بنوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز کے قافلے کو بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کی جانب سے بزدلانہ حملے کا نشانہ بنایا گیا، کارروائی علاقے میں خودکش بمبار سمیت خوارج عناصر کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ایک بارود سے بھری گاڑی پر سوار خودکش بمبار کو سیکورٹی فورسز کے اگلے دستے نے بروقت روک کر اس کے مذموم عزائم ناکام بنا دیا، خوارج کی جانب سے حملے کا مقصد بنوں شہر میں معصوم شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو نشانہ بنانا تھا۔ترجمان پاک فوج نے کہا کہ آپریشن کے دوران خوارج کے ٹھکانوں کا سراغ لگا کر شدید فائرنگ کے تبادلے میں پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا، دہشت گردوں نے بارودی مواد سے بھری گاڑی اگلے گروپ کی ایک گاڑی سے ٹکرا دی، حملے میں لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز ،سپاہی کرامت شاہ نے جامِ شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز اپنی جرات مندانہ قیادت کے باعث معروف تھے اور اگلے مورچوں سے دستوں کی قیادت کر رہے تھے۔بیان کے مطابق خوارج عناصر ماہِ رمضان کے مقدس مہینے کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے افغان سرزمین استعمال کر کے پاکستان میں دہشت گرد کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ان کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، افغان طالبان حکومت ایک بار پھر افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکنے میں ناکام رہی ہے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کی سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے وژن ”عظم استحکام ”کے تحت ملک سے غیر ملکی اسپانسرڈ اور حمایت یافتہ دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پوری رفتار سے جاری رہے گی، ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہماری قوم کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کرتی ہیں۔