شہر قائد کے علاقے گل رعنا کالونی سولجر بازار میں ایک گھریلو عمارت میں گیس سلینڈر دھماکا کے نتیجے میں چھت گر گئی، جس سے بچی سمیت 16 افراد جاں بحق اور 13 افراد زخمی ہوگئے۔حادثہ گلی نمبر 05 کے قریب آغا خان اسکول کے علاقے میں پیش آیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ادارے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ آس پاس کی عمارتیں بھی لرز گئیں، اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔اے ایس پی جمشید عاشر کے مطابق واقعہ چار بجکر 15 منٹ پہ پیش آیا۔ بلڈنگ گارڈر پہ بنی تھی۔ عمارت گرنے کی وجہ تلاش کی جارہی ہیں
چیف آپریٹنگ آفیسر ڈاکٹر عابد نے بتایا کہ گیس بلاسٹ پہلی منزل پہ ہوا۔ سحری کے وقت دھماکہ ہوا۔ دھماکہ گیس لیکیج کے سبب ہوا ہے۔ گراونڈ پلس دو منزلوں پہ چھوٹے کمرے بنے ہوئے ہیں۔جگہ بہت کم ہونے میں آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے۔
یہ لیگل عمارت نہیں یہ ایک ایک کمرہ کی عمارت ہے۔ عمارت گرنے سے آس پاس کی عمارتوں کو بھی نقصان ہوا۔ حکام نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ جائے وقوعہ سے دور رہیں تاکہ امدادی کارروائیاں متاثر نہ ہوں۔ جاں بحق و زخمی ہونے والوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ملبے میں مزید ایک سے دو افراد کی موجودگی کی اطلاع ہے۔ عمارت کے ملبے سے دس سالہ سجاد کی بھی لاش نکال لی گئی ہے۔
علاوہ ازیں ملبے سے دو خاتون کی لاش نکال لی گئیں۔ ایک خاتون کی شناخت 44 سالہ زینب کے نام سے کی گئی جبکہ دوسری 17 سالہ افشاں کے نام سے ہوئی۔ڈی آئی جی ایسٹ ڈاکٹر فرخ لنجار کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ ملبے سے 14 افراد کی لاشوں کو نکالا جاچکا ہے۔ ملبے میں ایک لاش دبے ہونے کا خدشہ ہے۔انہوں نے کہا کہ واقعے کی تحقیقات کی جائیں گیں۔ متعلقہ محکمہ بتائے گا کہ عمارت قانونی تھی یا غیر قانونی۔ تعین کرکے واقعہ کے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

