بدسلوکی پر قومی ہاکی ٹیم مینجمنٹ پر پھٹ پڑی

پاکستان ہاکی ٹیم کے کپتان عماد بٹ کا کہنا ہے کہ موجودہ ہاکی مینجمنٹ کے ساتھ بالکل کام نہیں کرسکتے، ٹیم مینجمنٹ نے کھلاڑیوں سے بہت جھوٹ بولا، صبح اُٹھ کر کچن اور برتن صاف کرنے کے بعد کھلاڑی میدان میں کیا کھیلے گا؟

قومی ہاکی ٹیم کی آسٹریلیا سے وطن واپسی پر لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹیم کے کپتان عماد بٹ نے کہا کہ ٹیم کو غیر ملکی کوچ کی شدید ضرورت ہے۔

عماد بٹ نے بتایا کہ صبح اُٹھ کر کچن اور برتن صاف کرنے کے بعد کھلاڑی میدان میں کیا کھیلے گا؟ عماد بٹ نے کہا کہ اُنہیں اپنے کھلاڑیوں پر اعتماد ہے، زیادتی کا نوٹس لیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم سے یہ کہا گیا کہ باہر کوئی بات نہ کریں ورنہ پابندی لگ جائے گی، دیگر کھلاڑیوں نے کہا کہ آسٹریلیا میں سڑکوں پر رہے، ٹیم کا مورال ختم ہوچکا تھا۔

عماد بٹ کا کہنا ہے کہ طاہر زمان اور دیگر افراد نے جو باتیں کی ہیں وہ سب بے بنیاد اور جھوٹ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسپانسر ڈھونڈنا پاکستان ہاکی فیڈریشن کا کام ہے، میرا کام نہیں ہے، ہمارے ساتھ بہت جھوٹ بولے گئے ہیں، مجھ پر کوئی دباؤ نہیں ہے۔

عماد بٹ کا کہنا تھا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کا کوڈ آف کنڈکٹ میں نہیں مانتا۔