چین نے اعلان کیا ہے کہ برطانیہ اور کینیڈا کے شہری اب بغیر ویزا چین کا سفر کر سکیں گے۔چینی وزارتِ خارجہ کے مطابق یہ سہولت منگل سے نافذ العمل ہوگی اور 31دسمبر تک برقرار رہے گی۔یہ پیش رفت برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر اور کینیڈین وزیر اعظم مارک کارنے کے حالیہ دور بیجنگ کے بعد سامنے آئی ہے۔
دونوں رہنماں نے چینی صدر زی جنگ پنگ سمیت اعلی حکام سے ملاقاتوں میں باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا تھا۔چینی حکام کے مطابق برطانیہ اور کینیڈا کے عام پاسپورٹ رکھنے والے شہری کاروبار، سیاحت، رشتہ داروں اور دوستوں سے ملاقات، تبادلہ پروگرام یا ٹرانزٹ کی غرض سے 30دن تک بغیر ویزا چین میں قیام کر سکیں گے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس اقدام کا مقصد عوامی سطح پر روابط کو فروغ دینا ہے۔
دوسری جانب چین کے اعلی سفارت کار وانگ یی نے میونخ سیکورٹی کانفرنس کے موقع پر جرمن چانسلر فریڈرک مرز سے ملاقات کی۔ چینی وزارت خارجہ کے مطابق بیجنگ جرمنی کے ساتھ جامع اسٹریٹجک شراکت داری کو نئی سطح تک لے جانا چاہتا ہے۔ماہرین کے مطابق چین یورپی یونین کے ساتھ تعلقات کو مستحکم کرنے کی کوشش کر رہا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب یورپ اپنی خارجہ پالیسی میں توازن پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

