وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ایک آنکھ کی بینائی 6 /6ہے جبکہ دوسری آنکھ کی بینائی چشمہ لگا کر 70فیصد ہے۔شیخورہ بار کونسل کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا وکلا کے مسائل کا ادراک ہے اور ان مسائل کا حل ہماری ترجیح ہے، انصاف کی فراہمی میں بار اور بینچ میں تعاون ناگزیر ہے۔
ان کا کہنا تھا وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں مشکل فیصلوں کے نتائج برآمد ہو رہے ہیں اور ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہے۔انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام کے لیے سیاسی استحکام اشد ضروری ہے، ریاست پاکستان چار اکائیوں پر مشتمل ہے، گلگت بلتستان اور کشمیر ہمارا حصہ ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا موٹر ویز اور جی ٹی روڈ کی بندش غیر آئینی اقدام ہے، خیبرپختونخوا حکومت آئین اور قانون کی پاسداری کرے، اگر کے پی حکومت سڑکیں نہیں کھولے گی تو پھر وفاق کو آئین پر عمل کرتے ہوئے ایکشن لینا پڑے گا پھر کسی کو برا نہ لگے، ہم سب نے مل کر اس ملک کو بہتری کی طرف لے جانا ہے۔
بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ طبی ٹیم نے بانی پی ٹی آئی کے جاری علاج پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا، اپوزیشن رہنماؤں اور بانی کے ذاتی معالجین کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا عمران خان کی ایک آنکھ کی بینائی عینک لگا کر70فیصد ہے جبکہ دوسری آنکھ کی بینائی 6/6ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پمز اور الشفا انٹرنیشنل کے ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیم نے اڈیالہ جیل میں عمران خان کا مکمل اور تفصیلی طبی معائنہ کیا تھا۔اس سے قبل بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد وکیل سلمان صفدر نے سپریم کورٹ کو بتایا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی بینائی 15فیصد تک رہ گئی ہے۔سپریم کورٹ نے 16فروری تک بانی پی ٹی آئی کے طبی معائنے کی تفصیلی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔

