اسلام آباد:وفاقی محتسب برائے انسدادِ ہراسیت نے بینک افسر کو بچے کی پیدائش پر چھٹی نہ دینے پر اسٹیٹ بینک پر5لاکھ روپے کا جرمانہ عائدکردیا۔
وفاقی محتسب برائے انسدادِ ہراسیت فوزیہ وقار نے بینک افسر کو 30 دن پیٹرنٹی رخصت نہ دینے پر اسٹیٹ بینک پر 5 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا۔محتسب کے مطابق جرمانے کی رقم میں سے4لاکھ شکایت گزار افسر سید باسط علی کو ادا کیے جائیں اور مکمل تنخواہ کے ساتھ انہیں 30 دن کی پیٹرنٹی رخصت بھی دی جائے۔
اس کے علاوہ اسٹیٹ بینک کو میٹرنٹی اور پیٹرنٹی رخصت ایکٹ 2023 ء کے تحت پالیسی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔فوزیہ وقار کا کہنا ہے کہ پیٹرنٹی رخصت سے انکار صنفی بنیاد پر ہراسمنٹ کے مترادف ہے، میٹرنٹی رخصت دینا اور پیٹرنٹی رخصت سے انکار صنفی امتیاز ہے۔
بچوں کی دیکھ بھال صرف خواتین کی ذمے داری نہیں، رخصت سے انکار والدین کی مشترکہ ذمے داری اور بچے کے مفاد کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔واضح رہے کہ بینک نے متعلقہ پالیسی موجود نہ ہونے کا کہہ کر سید باسط علی کی رخصت کی درخواست مسترد کردی تھی۔

