راولپنڈی:اڈیالہ جیل میں میڈیکل بورڈ کے ڈاکٹرز کی نگرانی میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کا طبی معاینہ مکمل کرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ہولی فیملی اسپتال کی ایمبولینس گیٹ نمبر5سے اڈیالہ جیل کے اندر داخل ہوئی، اڈیالہ جیل کے اطراف سیکورٹی انتہائی سخت کر دی گئی تھی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ اڈیالہ جیل جانے والی ایمبولینس میں آنکھوں کے علاج کے آلات بھی موجود تھے اور حکومت کی جانب سے بنائے گئے میڈیکل بورڈ کے ڈاکٹرز کی نگرانی میں بانی پی ٹی آئی کا طبی معاینہ کیا گیا۔
سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں کی ٹیم مختلف طبی آلات اور ادویات بھی ساتھ لائی ہے، طبی ٹیم کی رپورٹ جلد مرتب کیے جانے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق پہلے عمران خان کی آنکھ کا معائنہ کیاگیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ میڈیکل ٹیم ایک گھنٹے تک معائنے کے بعد اڈیالہ جیل سے روانہ ہو گئی ہے امکان ہے کہ جلد ٹیم کی جانب سے عمران خان کو اسپتال منتقل کرنے کے حوالے سے حکومت کو آگاہ کردیا جائیگا۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت سے کہا تھا کہ عمران خان کی صحت سے متعلق تفصیلی رپورٹ 16 فروری سے پہلے عدالت میں جمع کرائی جائے۔

