دہشت گردی کے بعدکچے کے ڈاکوئوں کا بھی خاتمہ کریں گے،وزیراعلیٰ سندھ

کراچی:وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ صوبہ سندھ دہشت گردی سے چھٹکارہ حاصل کرچکا ہے،کچے کے ڈاکوئوں کا بھی خاتمہ کریں گے۔

پولیس ٹریننگ سینٹر سعید آباد میں پاسنگ آئوٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا موجودہ حالات میں دہشت گردی اور جرائم کیخلاف سندھ پولیس نے بھرپور کارروائیاں کی ہیں، سندھ پولیس کے بہادر افسران و جوانوں کی وجہ سے صوبے میں امن قائم ہوا۔

انہوں نے کہا کہ کچھ روزپہلے دادو میں تین بہادر سپاہیوں نے شہادت کا رتبہ حاصل کیا، صوبے میں چند ماہ میں پولیس کے افسران و جوانوں نے بہادری کی شاندار مثال قائم کی، کراچی میں سی ٹی ڈی کے ڈی ایس پی علی رضا کو شہید کردیا گیا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ امیدکرتا ہوں کہ سندھ پولیس ایسے ہی بہادری سے کام کرتے ہوئے کچے کے ڈاکوئوں کا خاتمہ کریگی، ایک وقت تھا کہ دہشت گرد روزانہ کئی لوگوں کو شہید کر دیتے تھے، یہاں بم دھماکے ہوتے تھے، ٹارگٹ کلنگ ہوتی تھی لیکن ہم دہشت گردی سے چھٹکارہ حاصل کرچکے ہیں، بلوچستان اورخیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات ہو رہے ہیں۔