اسلام آباد:وزیراعظم رمضان ریلیف پیکیج کے اجرا کی تقریب کے دوران سیکرٹری بی آئی ایس پی نے بریفنگ دیتے ہوئے شہباز شریف کو بتایا کہ اس سال رمضان پیکیج کے تحت رقم13ہزار روپے کردی گئی ہے۔
پیکیج کا مقصد مستحق افراد کو باعزت ریلیف فراہم کرنا ہے۔سیکرٹری بی آئی ایس پی نے بتایا کہ رمضان پیکیج کے تحت مستحقین کو5ہزار روپے دیے گئے تھے، مستحق افراد کور قوم بینکوں کے ذریعے براہ راست فراہم کی جائیں گی۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ وزیراعظم رمضان ریلیف پیکیج کا حجم38ارب روپے ہے، وزرا پر مشتمل کمیٹی رمضان پیکیج کے تمام مراحل کی نگرانی کرے گی، وزیراعظم خود اس نظام کی نگرانی کر رہے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا پچھلے سال رمضان میں مستحقین کو ڈیجیٹل نظام کے ذریعے رقم فراہم کی، پچھلے سال رقم20ارب روپے مختص کیے گئے تھے، اس سال رمضان پیکیج کے تحت 38 ارب روپے مقرر کیے ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر میں شفاف نظام کے ذریعے رمضان ریلیف پیکیج کی رقم تقسیم ہوگی، مستحقین کو فی خاندان13ہزار روپے دیے جائیں گے۔

