پاکستان اور سعودی عرب دفاعی تعاون مزید مستحکم کرنے پر متفق

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سعودی عرب کے وزیر دفاع خالد بن سلمان سے ملاقات کی جس میں اسلام آباد اور ریاض کے درمیان اسٹریٹجک دفاعی شراکت داری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی وزیر دفاع نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ملاقات کی تفصیلات شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کی۔ملاقات کا مقصد پاکستان اور سعودی عرب کے مضبوط اور دیرینہ تعلقات کی توثیق اور دفاعی تعاون کو مزید مستحکم کرنا تھا۔

گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے عالمی امن و سلامتی کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات اور علاقائی و بین الاقوامی مفادات کے تحفظ پر بھی غور کیا۔ملاقات میں نائب وزیر دفاع عبدالرحمان بن محمد بن عیاف بھی موجود تھے، جبکہ چیف آف جنرل اسٹاف اور وزیر دفاع کے مشیر برائے انٹیلی جنس نے بھی شرکت کی۔

یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب دونوں ممالک دفاعی تعاون، علاقائی استحکام اور عالمی سلامتی کے حوالے سے اپنے عزم کو مزید مضبوط بنانے پر توجہ دے رہے ہیں۔