بنگلادیش: جماعت اسلامی نے شکست تسلیم کرلی

جماعتِ اسلامی بنگلادیش کے امیر ڈاکٹر شفیق الرحمان نے شکست تسلیم کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مثبت اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے۔ جماعت کی قیادت میں اتحاد کو 68 نشستیں ملیں۔

دوسری جانب معزول وزیر اعظم شیخ حسینہ، جو اس وقت بھارت میں خود ساختہ جلاوطنی اختیار کیے ہوئے ہیں، انہوں نے انتخابات کو “منصوبہ بند ڈراما” قرار دیتے ہوئے نتائج مسترد کر دیے۔ ان کی جماعت عوامی لیگ کو اس بار انتخاب لڑنے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔

مزید پڑھیں:

یورپی یونین مبصر مشن کا بنگلادیش میں انتخابات کی تیاریوں پر اظہار اطمینان

الیکشن کمیشن کے غیر سرکاری اندازوں کے مطابق ووٹر ٹرن آؤٹ 60 فیصد سے زائد رہا، جو گزشتہ انتخابات سے زیادہ ہے۔

انتخاب کے ساتھ ساتھ آئینی اصلاحات پر ریفرنڈم بھی کرایا گیا، جس میں دو مدت کی حد، غیر جانبدار نگران حکومت اور خواتین کی نمائندگی بڑھانے سمیت کئی تجاویز شامل تھیں۔ غیر سرکاری نتائج کے مطابق اکثریت نے اصلاحات کے حق میں ووٹ دیا ہے۔

سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ انتخاب بنگلہ دیش کی سیاست میں ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہو سکتا ہے۔