کراچی:کراچی کے مختلف علاقوں میں پانی کا بدترین بحران پیدا ہوگیا،مرمتی کام کے نام پر شہر کا بڑا حصہ پانی سے محروم ہے اور شہری پانی کی بوند بوند کو ترس گئے جبکہ ٹینکروں کے ذریعے پانی حاصل کیا جا رہا ہے جبکہ ترجمان واٹر کارپوریشن کا کہنا ہے کہ گلشن اقبال میں 84 انچ قطر کی لائن کا مرمتی کام مکمل کر لیاگیاہے۔
گلشن اقبال بلاک 19 میں 84 انچ قطر آب کی لائن میں رسائوآگیا تھاجس کامرمتی کام پیر سے شروع کیاگیا جس کے باعث دھابیجی پمپنگ اسٹیشن سے 200 ملین گیلن یومیہ پانی کم فراہم کیاجارہا تھا۔
اطلاعات کے مطابق 84 انچ کی لائن کے مرمتی کام کی وجہ سے شہر میں پانی کانظام درہم برہم ہوکر رہ گیا، شہری پانی کی بوند بوندکو ترس گئے۔ ایک لائن کے مرمتی کام نے شہرکے مختلف علاقوں کورنگی ، لانڈھی، شاہ فیصل کالونی ،گلشن اقبال ،گلستان جوہر، لیاقت آباد، ناظم آباد، پی آئی بی کالونی، صدر، اولڈسٹی ایریا،محمودآباد،ڈیفنس ،گلبہار سمیت دیگر میں چاردن سے پانی کی فراہمی بند ہے۔
ترجمان کاکہنا تھاکہ جمعہ کومرمتی کام مکمل کیاجائے گا۔یہ دعویٰ واٹرکارپوریشن کی جانب سے کیاجارہاہے، لیکن شہر میں آئے دن پانی کی لائنیں پھٹنا،رسائو، بجلی کابریک ڈائون معمول بن چکاہے،شہر میں پانی کاحصول شہریوں کومشکل ترین ہوگیاہے، شہری مہنگے داموں ٹینکرز خریدنے پر مجبور ہیں۔
کراچی میں پانی کابحران روزکامعمول بن گیاہے۔مساجد میں وضو تک کاپانی نہیں جبکہ متاثرہ علاقوں میں بھی یہ ہی صورتحال ہے جبکہ 84 انچ کی لائن کے مرمتی کام کی وجہ سے لانڈھی اور شیرپائوہائیڈرنٹس سے بھی پانی کی فراہمی بند ہے،صفورہ اور نیپاچورنگی سے بھی شہریوں کو پانی کی فراہمی شدیدمتاثرہے۔
ترجمان واٹرکارپوریشن کاکہناہے کہ کراچی واٹرکارپوریشن نے شہرکی مرکزی لائن کے مرمتی کام کوکامیابی سے مکمل کر لیا،مرمتی کام مکمل ہونے کے بعددھابیجی پمپنگ اسٹیشن سے شہر میں پانی کی فراہمی بحال کردی گئی ہے۔

