اختر مینگل کا قومی اسمبلی کی رکنیت سے استعفاء 17 ماہ بعد منظور

بلوچستان نیشنل پارٹی کے سردار اختر مینگل کا قومی اسمبلی کی رکنیت سے استعفاء تقریباً 17 ماہ بعد منظور کر لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سربراہ بی این پی اختر مینگل کا استعفاء منظور کر لیا ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے سردار اختر مینگل کا استعفاء گزشتہ رات منظور کیا اور ان کا استعفاء اسی تاریخ سے منظور ہوا جس تاریخ کو انہوں نے دیا تھا۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ سردار اختر مینگل جنوری 2026 تک بطور ممبر قومی اسمبلی تمام مراعات بھی استعمال کرتے رہے۔

یاد رہے کہ اختر مینگل نے قومی اسمبلی کی رکنیت سے 3 ستمبر 2024 کو استعفاء دیا تھا، سردار اختر مینگل کا استعفاء تقریباً 17 ماہ بعد منظور کیا گیا ہے۔

سردار اختر مینگل این اے 256خضدار ون سے فروری 2024 میں رکن قومی اسمبلی تھے اور ان کا استعفاء منظور ہونے کے بعد یہ نشست خالی ہو گئی ہے جس پر اگلے 3 ماہ کے اندر ضمنی الیکشن ہو سکتا ہے۔