پنجاب حکومت کابلوچستان میں سیکورٹی فورسز کیلئے 10 ارب کی معاونت کا اعلان

کوئٹہ:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بلوچستان میں سیکورٹی فورسز کے لیے 10 ارب روپے کی معاونت کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بلوچستان کا دورہ کیا اور کوئٹہ میں ایف سی ہیڈکوارٹر میں تقریب میں شرکت کی، اس موقع پر انہوں نے سیکورٹی فورسز کے لیے10ارب روپے کی معاونت کا اعلان کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کا دورہ بھی کیا جہاں وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے صوبائی کابینہ اور اراکین اسمبلی کے ہمراہ ان کا استقبال کیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام کا جذبہ اور پاکستان سے وابستگی قابل ستائش ہے،بلوچستان کو درپیش چیلنجز میں حکومت پنجاب ہر ممکن تعاون کریگی، ہم بلوچستان کے ساتھ ہیں،دہشت گردی کا خاتمہ قومی یکجہتی سے ممکن ہے، بلوچستان میں امن،استحکام اور خوشحالی دیکھنا چاہتے ہیں۔

مریم نوا ز نے کہا کہ بلوچستان کو فتنہ نہیں بلکہ فتنہ الخوارج کا سامنا ہے، فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشن میں ہرممکن تعاون فراہم کریں گے، بلوچستان کے لیے پنجاب کے وسائل اور خدمت حاضر ہیں،دعا ہے کہ بلوچستان سے دہشت گردی کا جلد خاتمہ ہو۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ مریم نواز شریف کو بلوچستان آمد پرخوش آمدید کہتے ہیں،سیکورٹی فورسز کے لیے 10ارب روپے کی معاونت مثبت اور قابل تحسین اقدام ہے،بلوچستان میں حکومت اور اپوزیشن عوامی فلاح کے لیے متحد ہیں۔