پی ایس ایل کی فرنچائز ملتان سلطانز 2 ارب 45 کروڑ روپے میں فروخت، نیا نام راولپنڈی رکھ دیا گیا

پی ایس ایل کی فرنچائز ملتان سلطانز 2 ارب 45 کروڑ روپے میں بک گئی۔ ولی ٹیک نے سب سے زیادہ بولی لگا کر ٹیم خرید لی اور اس کا نیا نام راولپنڈی رکھ دیا۔

نیلامی کی تقریب ایکسپو سینٹر لاہور میں منعقد کی گئی جہاں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی موجود تھے۔ اس موقع پر سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی اور قومی ٹیم کے سابق کپتان ظہیر عباس بھی موجود تھے۔

ملتان سلطانز کی بیس پرائز 182 کروڑ روپے مقرر کی گئی جبکہ ملتان سلطانز کے مالکانہ حقوق کے لیے 5 بڈرز میں مقابلہ ہوا۔

ملطان سلطانز کی نیلامی کی سب سے زیادہ بولی 245 کروڑ روپے  لگائی گئی اور یہ  فرنچائز 245 کروڑ روپے میں بک گئی۔

پی ایس ایل کی ٹیم ملتان کو  ولی ٹیک نے 2 ارب 45 کروڑ روپے میں 10 سال کے لیے خریدلیا اور اس ٹیم کا نام بدل کر راولپنڈی رکھ دیا۔ ملتان پی ایس ایل کی سب سے مہنگی فرنچائز بن گئی ہے۔

اس موقع پرچیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ نیلامی میں حصہ لینے والے تمام بڈرز کا شکریہ ادا کرتا ہوں، کوشش تھی کی ملطان سلطانز کو اچھی قیمت میں فرقخت کریں ملتان میں کرکٹ سے بہت محبت کی جاتی ہے۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ولی ٹیک کو ملتان سلطانز کی ٹیم خریدنے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ راولپنڈی کے اونرز کے ساتھ ہر قسم کا تعاون کریں گے، ان کا کہنا تھا کہ ملطان ٹیم کا نام بدلنے پر دکھ ہوا۔

 پی سی بی کے مطابق مقررہ وقت کے اندر کُل 6 پروپوزلز موصول ہوئے تھے جن کی تفصیلی اور شفاف جانچ کے بعد 5 بڈرز کو تکنیکی طور پر اہل قرار دیا گیا جنہوں نے نیلامی میں حصہ لیا۔

واضح رہے کہ ملتان سلطانز پی ایس ایل کی نمایاں اور مقبول فرنچائزز میں شمار ہوتی ہے  اور اس فرنچائز کے سابق مالک علی ترین نے معاہدے کی تجدید سے انکار کیا تھا جس کے بعد اس فرنچائز کی نیلامی کا اعلان کیا تھا۔